شہ سرخیاں
بنیادی صفحہ / تازہ ترین / بہاولنگرؒ نبی آخرالزمان محمدﷺ کی آمد دنیا سے تاریکیوں اور ظلمتوں کے خاتمے کی نوید بنی ،ڈی سی او

بہاولنگرؒ نبی آخرالزمان محمدﷺ کی آمد دنیا سے تاریکیوں اور ظلمتوں کے خاتمے کی نوید بنی ،ڈی سی او

بہاولنگر (رانا فیصل رحمن) ڈی سی او بہاولنگر محمد ارشاد حسین شاہ نے کہا ہے کہ نبی آخرالزمان محمدﷺ کی آمد دنیا سے تاریکیوں اور ظلمتوں کے خاتمے کی نوید بنی اور آپ ﷺپوری انسانیت کے لیے رحمت العالمین بن کر آئے ۔ آج مسلمانوں کو محبت اور امن کے پیغام کو عام کرتے ہوئے رسول پاک ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اتحاد و یگانگت کا ثبوت دینا چاہیے۔ ربیع الاول کا بابرکت مہینہ مسلمانوں کے لیے بے حد اہمیت کا حامل ہے۔ یہ سرکار دوجہاں ﷺ کی ولادت باسعادت کا مہینہ ہے اور ہمیں اخوت و بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھتے ہوئے 12 ربیع الاول کو رسول پاکﷺ کی ولادت کا دن منانا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے ضلع کونسل کے جناح ہال میں ضلعی امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں ایس پی انویسٹی گیشن میاں عرفان، پانچوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، انجمن تاجران کے عہدیداران ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بہاولنگر مسعود الرشید جوئیہ اور ضلع امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ ڈی سی او نے مزید کہا کہ ہمارے لیے زندگی سنوارنے کا بہترین ذریعہ رسول پاک ﷺ کی ذات اقدس ہے اور آج ہم جن پریشانیوں اور مصائب کا شکار ہیں اس سے نجات کی صرف یہی راہ ہے کہ ہم اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے کہا کہ رسول پاک ﷺ کی آمد کا یہ بابرکت مہینہ ہم سب کے لیے خوشیوں اور محبتوں کا پیغام ہیں اور 12 ربیع الاول کو امن اور محبت کے ساتھ رسول پاک ﷺ کی عظمت و شان اور فضائل و برکات پر روشنی ڈالی جائے گی اور منبر و محراب سے امن اور اخوت کا درس دیا جائے گا۔ انہوں نے 12 ربیع الاول کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے انتظامات و اقدامات کو سراہا اور کہا کہ علماء انتظامیہ کا امن کے لیے بھرپور ساتھ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں  زرعی معیشت کو بارشوں اور سیلاب نے ڈبو کرتباہ و بربادکردیا،سردار ظفر حسین