
اسلام آباد (بیوروچیف) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں ایم کیوایم کے رہنما نبیل گبول نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کردیا ،جس پر ان کی مسلم لیگ (ن) کی تہمینہ دولتانہ سے تلخ کلامی بھی ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق رانا شمیم احمد کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا،جس میں ایم کیوایم کے رہنما نبیل گبول نے کہا کہ ملک کے حالات بہت خراب ہیں،کراچی میں ایم کیوایم اور وزیرستان میں فوج کو پتہ ہے کہ وہ طالبان کا سامنا کیسے کررہے ہیں، مذاکرات کے جواب میں لاشیں بھجوائی جارہی ہیں ایسی صورتحال میں مذاکرات کی بات کرنے والے بے وقوف ہیں، حکومت چوڑیاں پہن لے اور کہے کہ وہ ان سے نمٹنے کے قابل نہیں اور صدر مملکت آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی نافذ کرکے سیکیورٹی کی صورت حال بہتربنانے کے لیے ریڈ الرٹ جاری کردیا جائے۔متحدہ ک رہنما کے بیان پر مسلم لیگ (ن )کی تہمینہ دولتانہ نے شدید تنقید کی اور کہا کہ ایم کیو ایم کے سربراہ تو ملک سے باہر بیٹھے ہیں آپ نے مفادات کی خاطر سیاسی وابستگی بدلی،جواب میں نبیل گبول نے کہا کہ آپ کی سیاسی جماعت کے سربراہ تو معاہدہ کرکے ملک سے باہر گئے تھے۔ بات زیادہ بڑھی تو چیرمین اوردیگرارکان نے مداخلت کرکے معاملہ ٹھنڈا کرایا۔ اجلاس کے دوران نبیل گبول کی جانب سے طالبان سے مذاکرات نہ کرنے کی قرارداد پیش کرنے کی کوشش کی گئی جسے ارکان نے پیش کرنے کی اجازت نہ دی ،بعد ازاں اجلاس میں گزشتہ چند روز میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔