تازہ ترینکھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : پاکستان کا بھارت کو 131رنز کا ہدف

میر پور(نمائندہ سپورٹس)ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے راؤنڈ میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لئے 131 رنز کا ہدف دیا ہے۔ میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں نے مقررہ 20 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔ میچ کے آغاز میں جب پاکستانی بلے باز میدان میں اترے تو آغاز کچھ اچھا نہ ہوا، اوپننگ جوڑی صرف 9 رنز کی شراکت قائم کرسکی اور کامران اکمل 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد حفیظ اور احمد شہزاد نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 44 رنز کے مجموعے پر پروفیسر 15 رنز بنا کر جڈیجا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے،حفیظ کے بعد احمد شہزاد 47 کے مجموعے پر 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ شعیب ملک 18 رنز بنا کر امیت مشرا کی گیند پر سریش رائنا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اسکور کے مجموعے میں 33 رنز جوڑے تاہم وہ بھی بھارتی بالروں کا زیادہ دیر تک مقابلہ نہ کرسکے اور محمد شامی کی گیند پر سریش رائنا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ٹاس کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ پچ دیکھ کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور اب ہم پاکستان کو کم سے کم رنز تک محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف میچ ہمیشہ ہی اہم ہوتا ہے تاہم اس میچ کے لئے کوئی دباؤ نہ لیتے ہوئے بھرپور کھیل پیش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی وارم اپ میچز میں کارکردگی بہت زیادہ اطمینان بخش نہیں رہی تاہم ہمارے پاس اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں اسلئے پچھلی غلطیوں کو دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button