لاہور (نمائندہ خصوصی )محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم کشمیر، گلگت بلتستان، مالا کنڈ، ہزارہ اور زیریں سندھ میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف ہے تاہم کشمیر، گلگت بلتستان اور مالا کنڈ ڈویژن میں ہلکے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم کشمیر، گلگت بلتستان، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور زیریں سندھ میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے،آج ملک کے بالائی علاقوں میں گرمی کی شدت میں قدرے کمی کی پیشگوئی کی ہے تاہم ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی کی شدید لہر اگلے چند روز برقرار رہے گی۔ گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر وسطی، جنوبی علاقے بالخصوص وسطی، جنوبی پنجاب، بالائی سندھ، سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد ڈویڑن، سبی ڈویژن اور تربت شدید گرمی کی لہر کے زیر اثر رہے۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت لاڑکانہ 51 جبکہ جیکب آباد 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔