پاکستانتازہ ترین

صوبوں کے فنڈز کا پیسہ بھی اسلام آباد اور لاہور میں لگایا جارہا ہے، عمران خان

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کہتے ہیں کہ موجودہ بجٹ نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، ملک سے پیسہ اور ٹیکس چوری کرنیوالوں کو فائدہ پہنچایا گیا،  صوبوں کے فنڈز کا پیسہ بھی اسلام آباد اور لاہور میں لگایا جارہا ہے، وزیراعظم ہاؤس کے لان پر ٹھیک کرنے پر ڈھائی کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں، کے پی کے میں سستی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے، 4 حلقوں کیلئے احتجاج باری لینے کیلئے نہیں کررہے، انتخابی نظام ٹھیک اور الیکشن کے چوروں کو پکڑے بغیر ملک میں تبدیلی نہیں آسکتی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی چیف عمران خان نے مسلم لیگ ن کی حکومت کے وفاقی بجٹ پر سخت تنقید کی، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلے بھی بجٹ صرف ایلیٹ کلاس کیلئے ہوتا تھا، موجودہ بجٹ نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، بجٹ میں پاکستان سے پیسہ اور ٹیکس چوری کرنیوالوں کو فائدہ پہنچایا گیا، بجٹ ان کیلئے ہے جن کا 200 ارب روپیہ سوئس بینکوں میں ہے، ایسے بجٹ سے پنجاب کیخلاف سخت نفرت پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران بیرون ممالک کے اکٹھے دورے کرتے ہیں، قرضے کی تمام رقم لاہور اور پنجاب میں خرچ کی جارہی ہے، صوبوں کے فنڈز کا پیسہ بھی اسلام آباد اور لاہور میں لگایا جارہا ہے، بجٹ میں کے پی کے کے فنڈز میں کمی کردی گئی، سب سے زیادہ سستی بجلی خیبرپختونخوا میں پیدا کی جاسکتی ہے، وفاق چاہے تو صوبے میں سستی بجلی پیدا کرسکتا ہے، پنجاب میں کوئلے سے مہنگے پاور پراجیکٹ لگائے جارہے ہیں۔ کپتان کہتے ہیں کہ وزیراعظم کے بھائی سب کچھ ہیں، ان کے بیٹے ڈیفکٹو چیف بنے ہیں، وزیراعظم ہاؤس کا یومیہ خرچ 21 لاکھ 65 ہزار روپے ہے، ان کے لان پر ڈھائی کروڑ روپے مہینہ خرچ کیاجائیگا، ان کے دوروں پر یومیہ 43 لاکھ روپے کا خرچ آیا، وزیراعظم دورے کرنے کیلئے اپنے عزیز وزیر خزانہ کو بھیج سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 40 کروڑ روپے صرف رائیونڈ کی سیکیورٹی پر خرچ ہورہے ہیں، دھاندلی سے آنیوالے ارکان پارلیمنٹ کو عوام کی فکر نہیں، نتھیا گلی کے گورنر ہاؤس کو ہوٹل بناکر حاصل ہونیوالی آمدنی اسکولوں پر لگائیں گے، سارے گورنر ہاؤسز کو پبلک پارکس میں تبدیل کرنا چاہئے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ 4 حلقوں کیلئے احتجاج باری لینے کیلئے نہیں کررہے، وفاق چاہے تو خیبرپختونخوا میں سستی بجلی بناسکتا ہے، جی ایس ٹی کو 17 سے 15 فیصد تک لایا جائے، الیکشن کا نظام ٹھیک کئے بغیر ملک میں جمہوریت نہیں لاسکتے، تبدیلی کیلئے انتخابی چوروں کو پکڑنا ضروری ہے، 4 مہینے ہوگئے ہیں مگر ابھی تک انصاف نہیں ملا

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button