اسلام آباد(بیوروچیف)اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف پروگرام نشر کرنے پر اے آر وائی کے اینکر مبشر لقمان کو بطور اینکر پروگرام کرنے سے روک دیا۔ عدالت کے حکم کے مطابق آئندہ تاریخ سماعت تک مبشر لقمان کسی بھی چینل پر پروگرام نہیں کر سکتے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے شہداء فاونڈیشن کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ۔ شہداء فاونڈیشن کے وکیل طارق اسد ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ مبشر لقمان عدلیہ کے وقار کو نقصان پہنچا کر اسے متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا چیئرمین پیمرا اور سیکرٹری اطلاعات ذاتی طور پر عدالت طلب ہو کر بتائیں کہ پیمرا کو ٹی وی چینلز اور اینکرز کے خلاف کتنی شکایات موصول ہوئیں ؟ پیمرا نے اب تک شکایات پر کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔ عدالت نے مبشر لقمان کو بطور اینکر پروگرام کرنے سے روک دیا اور پیمرا اور وزرات اطلاعات کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ کیس کی آئندہ سماعت جون کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی گئی ۔