تازہ ترینکھیل

سنگاکارا اور جے وردھنے نے ٹنڈولکر اور گنگولی کا ریکارڈ توڑ دیا

لارڈز (نمائندہ سپورٹس) سری لنکا کے مایہ ناز بلے باز کمار سنگاکار ا اور مہیلا جے وردھنے نے انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز کی شراکت داری کا نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے انگلینڈ کے خلاف جاری افتتاحی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 126 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے انڈین کھلاڑیوں سچن ٹنڈولکر اور ساروگنگولی کا 12,400 رنز کی شراکت کا ریکارڈ توڑا۔ ٹنڈولکر اور گنگولی کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر 12400 رنز کی شراکت قائم کرنے کا عالمی اعزاز حاصل تھا لیکن سنگاکارا اور جے وردھنے نے اس ریکارڈ کا پیچھا نہ چھوڑا اور لارڈز کے تاریخی گراﺅنڈ میں ریکارڈ اپنے نام کر کے نئی تاریخ رقم کی۔ سنگاکارا اور جے وردھنے نے اس دوران مشترکہ طور پر 33 سنچریاں اور 58 نصف سنچریاں بنائیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں 6,106 ٹی 20 کرکٹ میں 822 جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں 5,600 سے زائد کی پارٹنر شپ قائم کی۔ لارڈز میں جاری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز 575 رنز 9 کھلاڑیوں پر ڈکلیئر کی جس کے جواب میں سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے۔ کمار سنگاکارا 125 کے انفرادی سکور کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ مہیلا جے وردھنے 55 رنز بنا کر آﺅٹ ہو چکے ہیں تاہم دونوں کھلاڑیوں نے سب سے زیادہ رنز کی شراکت داری کا ریکارڈ تو اپنے نام کر ہی لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
error: Content is Protected!!