پاکستانتازہ ترین

تحریک انصاف کا آزادی مارچ اسلام آباد کی جانب روانہ

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں اسلام آباد روانگی کے لئے زمان پارک سے آزادی مارچ شروع ہوگیا ہے۔ تمام تر پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود تحریک انصاف کے رہنما اور کارکنوں کا آزادی مارچ لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔ آزادی مارچ میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔ مارچ کے شرکا کو جانے کے لئے انتظامیہ نے راستے کھول دیئے گئے جب کہ وہاں موجود پولیس اہلکاروں کو بھی ایک جانب کردیا گیا۔ مارچ کی سربراہی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کررہے ہیں۔ آزادی مارچ میں شریک تحریک انصاف کے رہنما ایک ٹرک پر موجود ہیں جب کہ عمران خان کے لئے خصوصی کنٹینر بنایا گیا ہے جو ان کی تمام ضروریات کے مطابق سہولیات سے مزین ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد پہنچے گا جب کہ راستے سے مارچ میں مختلف شہروں سے آنے والے قافلے بھی شامل ہوں گے، اس دوران عمران خان کچھ مقامات پر خطاب بھی کریں گے۔ دوسری جانب وفاقی اور پنجاب حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کردیا ہے، اسلام آباد کو فیض آباد، بارہ کہو اور کشمیر ہائی وے سے بند کردیا گیا ہے تاہم جی ٹی روڈ اور کچہری روڈ پر آمدو رفت کے لئے محدود راستہ رکھا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے اسلام آباد میں 25 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جن میں وفاقی دارالحکومت، راولپنڈی اور کشمیر پولیس کے علاوہ رینجر اور ایف سی کے جوان بھی شامل ہیں۔ تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے سلسلے میں وزارت داخلہ کی جانب سے احکامات کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم آفس، سپریم کورٹ، سیکریٹریٹ، ایوان صدر، جوڈیشل کالونی، سرینا چوک، ایمبیسی روڈ اور میریٹ ہوٹل پر مشتمل ریڈ زون میں گزشتہ روز موبائل فون سروس معطل کردی گئی تھی تاہم اب ان علاقوں مین موبائل فون سروس بحال کردی گئی ہے۔جڑواں شہروں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے تحت سیاسی جماعتوں کو اپنے جلسے اور احتجاج کے لئے پہلے انتظامیہ کو مطلع کرنا ضروری ہے تاہم انہیں پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی جانب سے ان شہروں میں جلوس یا احتجاجی مظاہرہ کرنے سے متعلق کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی ان جماعتوں میں سے کسی نے رابطہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے انتطامیہ کو درخواست دینے کی صورت میں فیض آباد یا زیرو پوائنٹ کے قریب آزادی مارچ کرنے کی اجازت دینے پر غور کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button