اسلام آباد ( بیوروچیف ) الیکشن کمیشن کو اثاثے جمع نہ کروانے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے جن میں سر فہرست اراکین کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق 19 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے جن میں 3 قومی اسمبلی جبکہ پنجاب اور سندھ اسمبلی کے 8 ،8 اراکین شامل ہیں۔ ان معطل اراکین میں 8 کا تعلق پاکستان تحریک انصاف ، 6 پاکستان پیپلز پارٹی ، 4 مسلم لیگ ن جبکہ ایک کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے اثاثے جمع نہ کروانے والے معطل اراکین میں تحریک انصاف کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کے امیدوار شہریار آفریدی (این اے 14 ) ، محمد اظہر خان ( این اے 17 ) ، ساجد خان ( این اے 3 ) شامل ہیں ۔جبکہ پنجاب اسمبلی میں معطل ہونے والے اراکین میں 5 ارکان کا تعلق پاکستان تحریک انصاف جبکہ 3 کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔ پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی میں ملک تیمور مسعود ، ڈاکٹر صلاح الدین خان ، میاں اسلم اقبال ، وحید اصغر ڈوگر اور عبدالمجید نیازی شامل ہیں جبکہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے ارکان میں رانا شعیب ادریس ، جمیل حسن خان اور سردار عاطف حسین خان مزاری شامل ہیں۔ سندھ اسمبلی میں اثاثے نہ جمع کروانے پر معطل ہونے والے اراکین میں سابق صدر آصف علی زرداری کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے رکن سندھ اسمبلی اویس مظفر ٹپی سمیت وزیر احمد جتوئی ، سید فصیح احمد شاہ ، پروین عزیز جونیجو ، خیر النساءمغل اور شہناز بیگم شامل ہیں