تازہ ترینعلاقائی

پنجاب میں طوفانی بارشیں جاری،ہلاکتوں کی تعداد 51

لاہور(نمائندہ خصوصی)پنجاب میں طوفانی بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی شاہراہیں بند ہوگئیں اور ریلوے ٹریک بھی متاثرہوئے ہیں۔اب تک بارش کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 51 ہوگئی ہے۔جبکہ آزاد کشمیر میں بھی 14 افراد جاںبحق اور 100 سے زائد مکانات گرگئے۔پنجاب کے کئی شہروں میں گزشتہ روز شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔سرگودھا میں رات کوہونے والی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔پسرور کے علاقے فیصل کالونی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی۔حادثے میں میاں بیوی اور بیٹا جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔مری میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے وقفے وقفے سے موسلادھار بارش جاری ہے۔ مری ایکسپریس وے اور پنڈی مری روڈ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئے ہیں۔دونوں اہم شاہراہوں پر سیکڑوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔گوجرانوالہ شہر میں بھی ساون جھوم کے برس رہا ہے ۔تیز بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔۔جہلم میں بھی بارش کا سلسلہ نہیں تھم سکا۔ رتیال کے قریب لینڈسلائیڈنگ سے پہاڑی پتھر ریلوے ٹریک پر آگرے جس سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی ہے۔جعفر ایکسپریس اور تیز گام سمیت 7 ٹرینیں رتیال کے مقام پر کئی گھنٹوں سے کھڑی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button