بھائی پھیرو(نامہ نگار) بھائی پھیرو ۔ مکانات کی چھتیں گرنے سے تین افراد ہلاک ، تین زخمی ،تفصیلات کے مطابق بھائی پھیرو اور گردو نواح میں درجنوں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی ۔ بھائی پھیرو شہر کے محلہ چاہ نائیاں والی کے رہائشی شیخ محمد اسلم کی بیٹی ثریا بی بی اپنے تین بچوں سمیت کمرے میں سوئی ہوئی تھی کہ اچانک مکان کی چھت گر گئی جس کی وجہ سے ثریا بی بی وفات پا گئی جبکہ اس کے بچے تین معجزانہ طور پر بچ گئے ۔ دوسرے واقعات میں نواحی گاؤں بگھیانہ کلاں میں رفیق انصاری صحن میں سویا ہوا تھا جبکہ اس کی بیوی اور چار بچے کمرے کے اندر سوئے ہوئے تھے ۔گذشتہ رات چھت دھماکہ سے گر گئی تیرہ سالہ ناظرہ بی بی اور سات سالہ شرافت موقع پر ہلاک ہو گئے ۔ جبکہ ماں رمضانہ بی بی اور اُس کا بیٹا سیف اللہ اور بیٹی مقدس بی بی شدید زخمی ہو گئی ۔سیاسی رہنماؤں مسلم لیگ ن کے رانا شرافت علی اور جماعت اسلامی کے ڈاکٹر داؤد پرویز مغل نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور کی طرح مرنے والوں اور نقصان زدہ لوگوں کی مالی امداد کی جائے ۔