تازہ ترینعلاقائی

جھنگ:ٹی ایم اے نے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے شہر کے تمام فٹ پاتھوں پر دوکانداروں کے ناجائز قبضے کروا دیئے

جھنگ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) :ایک طرف خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے پنجاب بھر کے تمام شہروں سے قبضہ مافیا اور ناجائز تجاوزات کرنے والوں کا خاتمہ کرنے کیلئے ان کے خلاف بھر پورآپریشن کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان کا قلع قمع کرنے کے واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ دوسری طرف خادم اعلیٰ کی انتظامی مشینری کے ہی بعض کرپٹ حکام نے مذکورہ پالیسی کی دھجیاں بکھیرنا شروع کر دی ہیں اور ناجائز تجاو ز کنندگان و قبضہ مافیا کی بھر پور حوصلہ افزائی کا عمل شروع کررکھا ہے جس نے سنجیدہ شہری حلقوں کو سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے جس کی روشن مثال تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن جھنگ کی ہے جس کے کرپٹ حکام نے پورا جھنگ ناجائز تجاوز کنندگان و قبضہ مافیا کے حوالے کر دیا ہے ۔حتیٰ کہ شہر کے سب سے اہم ترین و مرکزی مقام فوارہ چوک جھنگ صدر سے لے کر شہید روڈ تا تانگہ اڈا چوک ، ریل بازار چوک سے لے کر جھنگ بازار چوک ، ریل بازار چوک سے لے کر ایوب چوک ، فوارہ چوک سے لے کر تھانہ صدر چوک، انار کلی بازار ، دھجی روڈ ، کٹڑہ بیر والا مارکیٹ ، ایمبرائیڈری مارکیٹ ، کھیتیا ں والا بازار ، مین بازار ، کوٹ روڈ ، کچہری روڈ ، فردوس مارکیٹ ، تحصیل روڈ ، کوتوالی روڈ ، سیشن روڈ ، فیصل آباد روڈ ، سرگودھا روڈ ، گھگھ بازار، چونا بھٹیاں چوک اور شہر کی تمام سڑکات پر کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے تمام فٹ پاتھوں پر دوکانداروں نے پختہ تعمیرات کرنے سمیت اپنا سامان رکھ کرناجائز قبضہ جماتے ہوئے راہ گیروں کا داخلہ بند کردیا ہے جبکہ اپنی دوکانوں کے باہر کئی کئی فٹ سرکاری فٹ پاتھوں پر قبضہ کر کے وہاں پختہ تعمیرات بھی کر لی ہیں نیز اسی طرح فٹ پاتھوں سے آگے سڑک کا بڑا حصہ بھی ریڑھی ، چھابڑی ، پھڑیئے ، تھڑے ، پھٹے لگانے والے دوکانداران کو ماہانہ ہزاروں روپے کرائے پر دے دیا گیا ہے۔ فوارہ چوک جو شہر کا مرکزی مقام ہے کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے جہاں پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کے ساتھ فٹ پاتھ سے نیچے 20فٹ تک سڑک پر قبضہ کر کے بہت بڑی بڑی فروٹ شاپس قائم کر دی گئی ہیں جہاں سے ٹریفک کا گزرنا تو درکنار پیدل افراد کا چلنا بھی دشوار ہو کر رہ گیا ہے۔ یہاں یہ امر بھی انتہائی افسوس ناک ہے کہ ان فروٹ شاپس پر اکثر سرکاری اداروں کے افسران کی گاڑیاں مستفید ہوتی نظر آتی ہیں جس کے باعث ان ناجائز تجاوزات کنندگان کو کوئی پوچھنے والا نہ ہے۔ دوسری جانب شہر کے تمام علاقوں کو ناجائز تجاوز مافیا کے حوالے کرکے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے برس ہا بر س سے ایک ہی جگہ تعینات کرپٹ افسران و اہلکاران روزانہ لاکھوں کی دیہاڑیاں لگاتے ہوئے شاہانہ ٹھاٹھ باٹھ کے مالک بن چکے ہیں اور انہوں نے انتہائی ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی آنکھیں اور کان بند کر لئے ہیں بلکہ شہریوں کی شکایات کے باوجود انتہائی ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے کوئی کاروائی نہ کرنے کی بھی قسم اٹھا رکھی ہے ۔ یہاں اس سے بھی انتہائی افسوس ناک امر یہ ہے کہ فادر آف دی سٹی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی جھنگ کے شہریوں کو بے یار و مدد گار چھوڑتے ہوئے نہ صرف پراسرار چپ سادھ لی ہے بلکہ کبھی بھی شہر کے مرکزی مقامات کا دورہ کرنے کی زحمت گوارہ نہ کی جا رہی ہے جس سے کرپٹ مافیا کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔ جھنگ کے عوامی ، سیاسی، سماجی حلقوں نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر جھنگ ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر و ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے جھنگ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اطلاع و پروٹوکول کے بغیر اچانک خود فوری طور پر شہر کے سب سے اہم و مرکزی مقام فوارہ چوک سمیت شہر کے تمام بازاروں کا پیدل دورہ کریں تاکہ انہیں شہریوں کی مشکلات کا علم ہو سکے ۔ انہوں نے ٹی ایم اے جھنگ کے برس ہا برس سے ایک ہی جگہ تعینات کرپٹ ملازمین کو بھی فوری طور پر تبدیل کرنے سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کاروائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
error: Content is Protected!!