پاکستانتازہ ترین

بلامقابلہ چیئرمین بننے سے قانون سازی کا عمل متاثر نہیں ہو گا:رضاربانی

اسلام آباد(بیوروچیف)نامزد چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ بلا مقابلہ چیئرمین بننے سے سینیٹ میں قانون سازی کا عمل متاثر نہیں ہو گاوہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مساوی رویہ رکھیں گے اور کوشش ہوگی کہ ایوان بالا کا وقار اور بالا ہو۔ نام زد چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کے حمایت یافتہ ہیں، وہ وزیر اعظم نوازشریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چوہدری شجاعت، اسفند یار ولی، مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے شکر گزار ہیں۔ رضاربانی کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے پارلیمنٹ میں خدمات سر انجام دیں اور ایوان بالا کو بلا امتیاز چلائیں، میرے اوپر کوئی پریشر نہیں ہوگا، میں سب کو ایک نظر سے دیکھوں گا، ہم پارلیمان ہیں اور ہمارا کا کام قانون سازی ہے۔ رضا ربانی نے خواہش کی کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ چھوٹے صوبے سے ہو،توقع ہے کہ ڈپٹی چیئرمین بلوچستان سے آنا چاہیے، اب یہ کون ہوگا؟ کس پارٹی سے ہوگا؟ یہ مرد ہوگا یا خاتون ہوگی؟ یہ فیصلہ ابھی سیاسی جماعتوں نے کرنا ہے۔ رضا ربانی نے وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات بھی کی جس میں آئندہ کی سیاسی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیرا عظم نواز شریف کے رضا ربانی کو بطور چیئرمین سینیٹ نامزد کرنے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ رضا ربانی کی نامزدگی میثاق جمہوریت اور جمہوری مفاہمتی عمل کی فتح ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button