
اسلام آباد (بیوروچیف) الیکشن کمیشن کی جانب سے فاٹا کے امیدواروں کے لیے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی خبروں کے بعد صدارتی آرڈیننس کے تحت فاٹا امیدواروں کے الیکشن کو معطل کر دیا گیا تھا جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فاٹا کی 4 سینیٹ نشستوں کے لیے انتخابات 20 مارچ کو کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔واضح رہے فاٹا کی 4 نشستوں کے لیے 36 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ سینیٹ کی 4 نشستوں کے لیے 20 مارچ کو فاٹا میں میدان سجے گا۔یاد رہے سینیٹ الیکشن معطل ہونے کے بعد فاٹا اراکین کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل ان کی نشستوں کا بھی انتخاب کروایا جائے لیکن حکومت کی جانب سے ان کا مطالبہ منظور نہیں ہو سکا۔