تازہ ترینکھیل

ورلڈکپ:جنوبی افریقا سری لنکا کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

سڈنی(نمائندہ سپورٹس)ورلڈ کپ کرکٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقا نے یک طرفہ مقابلے کے بعد سری لنکا کو 9وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔سڈنی کرکٹ گرائونڈپر کھیلے گئے میچ میں پروٹیز کو میچ جیتنے کیلئے 134رنز کا ہدف ملا ، جو اس نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ڈی کوک نے ناقابل شکست78جبکہ ڈوپلیسی نے 21رنز اسکور کیے۔ آئوٹ ہونے والے واحد بیٹسمین ہاشم آملہ نے 16رنز بنائے۔ اس سے قبل سری لنکن کپتان میتھیوزنے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔سری لنکن ٹیم کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 4 کے مجموعی اسکور پر اوپننگ جوڑی پویلین لوٹ گئی، کوسل پریرا 3اور دلشان بغیر کوئی رن بنائے بغیر آئوٹ ہوئے۔سنگاکارا اور تھریمانے نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 65رنز بنائے، اس موقع پر تھریمانے 41رنز بناکر عمران طاہر کا شکار بن گئے۔ جے وردنے بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 4رنزبناکر آئوٹ ہوگئے۔ ڈومینی نے لگاتار تین گیندوں پر میتھیوز، کلاسیکارا اور کائوشل کو شکار کرکے اس ورلڈ کپ کی پہلی ہیٹ بنالی،کپتان میتھیوز نے19رنز،کلاسیکارایک اور تھریندوکائوشل صفر پر آئوٹ ہوئے۔کائوشل کا یہ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ ہے، وہ ورلڈ کپ کے ناک آئوٹ میچ سے ون ڈے کیرئیر ڈبیو کرنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں، اس سے قبل 1979 میں انگلینڈ کے ڈبلیو لارکنز نے سیمی فائنل میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ سنگاکارا نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 94گیندوں پر 45رنز بنائے۔ سری لنکن ٹیم پروٹیز کی جارحانہ بولنگ کا جم کر مقابلہ نہ کرسکی اور صرف 133رنز پر ڈھیر ہوگئی۔صرف 3سری لنکن بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور کرسکے۔عمران طاہر نے 4،ڈومینی نے 3جبکہ اسٹین ، ایبٹ اور مورکیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 18اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا اور ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔دوسرا سیمی فائنل کل دفاعی چمپئن بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں  انقلاب،قبضہ گروپ اور پاکستانی سیاستدان

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker