تازہ ترینعلاقائی

بھائی پھیرو:لوگ جعلی پیروں کے ٹونے ٹوٹکوں سے بچیں ،سید منورشاہ

بھائی پھیرو(نامہ نگار) نبی کریم ﷺ سے محبت ایمان کا تقاضا ہے۔انکی سیرت پر عمل کرکے ہم دین و دنیا میں سر خرو ہو سکتے ہیں ۔ لوگ جعلی پیروں کے ٹونے ٹوٹکوں سے بچیں ۔ صرف اللہ سے دعا مانگیں کیونکہ اللہ شہ رگ سے قریب ہے اور وہ ہر ایک کی سنتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار آ ستانہ عالیہ پیر سید جماعت علی شاہ کے سجادہ نشین الحافظ الحاج سید منور حسین شاہ نے نواحی گاؤں نتھے جاگیر میں منعقدہ سالانہ محفل میلاد مصطفی ﷺ کے سلسلہ میں خطبہ جمعہ میں شامل ہزاروں افراد سے اپنے خطاب میں کیا ۔ جامعہ مسجد گلزار مدینہ انصاریاں والی میں محفل میلاد ﷺ کے منتظم عرفان انصاری تھے ۔ سید منور حسین نے کہا کہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو پیدا کیا اور قرآن پاک میں جگہ جگہ نبی آ خر الزماں ﷺ کی صفات حمیدہ بیان کی گئیں ہیں ۔ اللہ تعالیٰ خود بھی نبی کریم سے محبت کرتا ہے اور اپنی مخلوق کو بھی ان سے محبت کرنے کا حکم دیتا ہے ہمیں چاہیے کہ ہم بھی نبی کریم ﷺ کی محبت کو دنیا کی ہر چیز پر مقدم رکھیں ۔ انکی خدمت میں درود پاک اور نعتوں کے نذرانے پیش کریں انکی سیرت ﷺ پر عمل کر کے ہم دنیا و آخرت میں سر خرو ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو جعلی پیروں کے ٹونے ، ٹوٹکوں سے بچنا چاہیے اور ان اُولیاء اکرام اور صوفیا اکرام کے کہنے پر عمل کرنا چاہیے جو اپنے مریدوں کو شریعت کے مطابق چلنے کا درس دیتے ہیں ۔ انہوں نے امیر ملت رہبر شریعت پیر سید جماعت علی شاہ کی کرامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امیر ملت سید جماعت علی شاہ جیسے اُولیا اکرام کا فیضان ہے ۔ ان شا اللہ یہ قیامت تک قائم و دائم رہے گا ۔انہوں نے اُمت مسلمہ کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف تمام مکاتب فکر بلکہ تمام انسانیت کا احترام کریں انہیں کافر کہنے کی بجائے انکے لئے ہدایت کی دعا کریں ۔ اس موقع پر نعت خواں حضرات نے نبی کریم ﷺ کی نعتیں سنائیں ۔جمعہ کے اجتماع میں جماعت اسلامی کے رہنما حاجی محمد رمضان ، سردار نور احمد ڈوگر ، تحریک انصاف کے رانا نعیم انور اور علاقے بھر سے معززین ، علمائے اکرام اور عوام کی بھاری تعداد نے شرکت کی

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button