تازہ ترینعلاقائی

مانسہرہ:سعودی پلٹ نوجوان کے استقبال کے لئے اسلام آباد جانے والا خاندان واپسی پرخود دنیاکوالوداع کہہ گیا

مانسہرہ(قاضی بلال سے) سعودی پلٹ نوجوان کے استقبال کے لئے اسلام آباد جانے والا خاندان واپسی پر خود دنیاکو الوداع کہہ گیا۔ بریک فیل ہونے کے باعث گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے ایک ہی خاندان کی چار خواتین اور چار بچوں سمیت دس افراد جاں بحق جبکہ سعودی پلٹ نوجوان سمیت دو خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔ ایک ہی خاندان کے10جنازے اٹھنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا۔ سعودی عرب سے واپس آنے والے نوجوان کے لئے سجایا گیا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزبالاکوٹ کے علاقہ سنجوڑہ ٹاپ کا رہائشی شہزاد ولد خوشحال سعودی عرب سے واپس آنے والے دلنواز ولد خوشحال کواسلام آباد ایئرپورٹ سے لینے کے لئے اپنے گاؤں سنجوڑہ سے جملہ اہل خانہ سمیت گاڑی جیپ نمبر LHU-7926میں روانہ ہوا۔ اسلام آباد سے ہنسی خوشی اسے لینے کے بعد خود گاڑی کی ڈرائیونگ کرتے ہوئے جب گھر سے تھوڑے فاصلے پر پہنچا تو خطرناک موڑ وں کے درمیان بریک فیل ہونے کے باعث شہزاد گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی سینکڑوں فٹ گاڑی گہری کھائی میں جا گری ۔ جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوارشہزاد کی والدہ مسماۃ معروف النساء، اس کی بیوی مسماۃ شمیم، مسماہ مائدہ، مسماۃ صائمہ اور اس کے کزن جمیل ، مبشر، جواد، دوکمسن بچے اور دو بچیاں جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ سعودی پلٹ نوجوان دل نواز ولد خوشحال، اس کا بھانجاوسیم اورسجاد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی قریبی آبادی کے افراد موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے اپنی مدد اپنی کے تحت زخمی افراد کو گاڑی سے نکال کر طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچایا۔ جہاں ان کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بالاکوٹ سے کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ ریفر کر دیا گیا۔ سعودی پلٹ نوجوان دلنواز کی آمد کی خوشی میں سجایا گیا گھر اس کی آمد کے موقع پر ماتم کدہ میں تبدیل ہو گیااور ایک ہی خاندان کے 10جنازے اٹھنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا۔ جاں بحق ہونے والے افراد نے پولیس کی جانب سے رپورٹ درج کرنے پر تھانہ پہنچ کر کسی قسم کی دعویداری اور کاروائی نہ کرنے کی درخواست کی جس پر پولیس تھانہ بالاکوٹ نے کسی قسم کی قانونی چارہ جوئی عمل میں نہیں لائی

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button