تازہ ترینکھیل

ٹیکسلا:قومی باسکٹ بال چیمپیئن شپ 2015برائے چیئرمین پی او ایف گولڈ کپ کی افتتاحی تقریب

ٹیکسلا( نا مہ نگار )پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ قومی باسکٹ بال چیمپیئن شپ 2015برائے چیئرمین پی او ایف گولڈ کپ کی افتتاحی تقریب پی او ایف سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی محمد آصف حسین ممبر پی او ایف بورڈ تھے جنہوں نے چیمپیئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔افتتاحی میچ پنجاب اور اسلام آباد کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں پنجاب نے اسلام آباد کو 51-36کے سکور سے شکست دی چیمپیئن شپ میں ہر روز چار میچز کھیلے جائیں گے۔ کرنل (ر) انعام اللہ خان نائب صدر پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ نے اپنے استقبالیہ کلمات میں بتایا کہ اس چیمپیئن شپ میں ملک بھر کی 12بہترین ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میں پاکستان ریلوے، فاٹا، اسلام آباد، آزاد کشمیر، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخواہ، پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس، واپڈا،ایچ ای سی اور میزبان پی او ایف شامل ہیں۔ نائب صدر پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ نے اس چیمپیئن شپ میں شریک ہونے والے تمام کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ کھیل کے دوران بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس چیمپیئن شپ کو کامیاب بنائیں۔ نائب صدر پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ نے مزید کہا کہ پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈلیفٹیننٹ جنرل محمد احسن محمود، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈ کی سربراہی اور خصوصی دلچسپی کے باعث کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں پیش پیش ہیں گذشتہ تین برس کے دوران باسکٹ بال، کبڈی، کرکٹ، والی بال سمیت مختلف گیمز کے قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلے منعقد ہو چکے ہیں۔ جس سے نہ صرف پاکستان کے سافٹ امیج میں اضافہ ہوا بلکہ نوجوانوں کا رخ کھیل کے میدانوں کی طرف راغب کرنے میں بھی بے حد مدد ملی ہے۔ پی او ایف بورڈ کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد احسن محمود، ہلال امتیاز (ملٹری) کا مطمع نظر صرف یہی ہے کہ سپورٹس کی ترویج و ترقی کے لیے پی او ایف میں موجود بین الاقوامی معیار کی سہولتوں کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لایا جائے۔ اس مقصد کو مد نظر رکھتے ہوئے پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ پاکستان سپورٹس بورڈ اور مختلف سپورٹس فیڈریشنز کے ساتھ رابطے میں رہتا ہے تاکہ ان کے اشتراک سے ملک میں سپورٹس کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے جو کہ بد قسمتی سے اس وقت روبہ زوال ہے۔ قومی باسکٹ بال چیمپیئن شپ 2015برائے چیئرمین پی او ایف گولڈ کپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر باسکٹ بال فیڈریشن کے عہدیداران ، باسکٹ بال کے شائقین اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس چیمپیئن شپ کا فائنل 30مارچ 2015ء کو پی او ایف سپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
error: Content is Protected!!