تازہ ترینکھیل

سلطان اذلان شاہ کپ، نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارت کو 2-1شکست

کوالالمپور (نمائندہ سپورٹس) سلطان اذلان شاہ کپ، نیوزی لینڈ نے بھارت کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، فاتح ٹیم کی طرف سے کپتان سائمن چائلڈ اور اینڈی ہاورڈ نے گول سکور کئے۔ ایک اور میچ میں جنوبی کوریا نے کینیڈا کو 3-1 سے زیر کیا۔ تفصیلات کے مطابق 24 ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے ملائیشیا کے شہر اپوہ میں جاری ہیں، گزشتہ روز کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے دی۔ پہلے دونوں کوارٹر میں ایک ایک پنلٹی کارنر ملنے کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول سکور نہ کر سکی۔ 38 ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کے کپتان سائمن چائلڈ نے فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو زیادہ دیر قائم نہ رہی، پانچ منٹ بعد ہی بھارت کے اکاشدیپ نے گول کرکے میچ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل نیوزی لینڈ کے اینڈی ہاورڈ نے پنلٹی کارنر پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو آخر تک قائم رہی۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے میچ جیت کر ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح سمیٹی۔ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں جنوبی کوریا نے کینیڈا کو بآسانی ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ کوریا کی یہ ٹورنامنٹ میں پہلی فتح ہے جبکہ کینیڈا کو مسلسل دوسری شکست ہوئی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker