تازہ ترینعلاقائی

ٹیکسلا:پروفیسر ڈاکٹر پرویز اقبال چیمہ کی سربراہی میں پاکستان آرڈننس فیکٹریز کا دورہ

ٹیکسلا(ڈاکٹر سید صابر علی/ نا مہ نگار )نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد میں جاری قومی ہم آہنگی ورکشاپ 2015کے شرکاء نے پروفیسر ڈاکٹر پرویز اقبال چیمہ( ڈین ایف سی ایس) کی سربراہی میں پاکستان آرڈننس فیکٹریز کا دورہ کیا۔ پی او ایف آمد پرمحمد رضوان ڈائریکٹر انڈسٹریل اینڈ کمرشل ریلیشنز اور کرنل (ر) سید آغا محمد حسیب حیدر ڈائریکٹر ایکسپورٹ نے شرکاء کا استقبال کیا۔ چیئرمین پی او ایف بورڈ لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) نے اپنے استقبالیہ کلمات میں شرکاء کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ پاکستان آرڈننس فیکٹریز وطن عزیز کا ایک عظیم دفاعی پیداوار کا ادارہ ہے جو مسلح افواج کی ضروریات پوری کرنے کے بعد ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پچاس کی دہائی میں قائم ہونے والا دفاعی پیداوار کا یہ ادارہ ہمارے آباؤ اجداد کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جو اس وقت مسلح افواج کی اسلحہ و گولہ بارود کی 100فیصد ضروریات کو نہ صرف پورا کر رہا ہے بلکہ اپنی فاضل صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا کے 40سے زائد ممالک کو اپنی مصنوعات برآمد بھی کر رہا ہے اور حالیہ دہشت گردی کی جنگ میں پی او ایف پاکستان کی مسلح افواج کی اضافی ضروریات کو بھی احسن طریقے سے پورا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی او ایف ایک متحرک دفاعی ادارہ ہے جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے لوگ ایک کمیونٹی کی صورت میں کام کر رہے ہیں اور واہ کینٹ ملک کا ایک خوب صورت ترین شہر ہے ۔پی او ایف انتظامیہ اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ واہ کینٹ میں 110سے زائد تعلیمی ادارے مختلف شعبوں میں تعلیم دے رہے ہیں جن میں خصوصی بچوں کے لیے قائم نشیمن کالج نمایاں ہے اور اس کالج کے طالب علموں نے سپیشل اولمپکس میں حصہ لے کر گولڈ میڈلز حاصل کیے جس سے ملک اور پی او ایف کا نام روشن ہوا۔ واہ کینٹ کو اس لحاظ سے بھی ایک منفرد مقام حاصل ہے کہ یہاں کی تعلیمی شرح 98فیصد ہے جو کہ ملک کے دوسرے تمام شہروں سے زیادہ ہے۔ آخر میں چیئرمین پی او ایف بورڈ نے شرکاء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے۔ اس سے پہلے ڈائریکٹر ایکسپورٹ کرنل (ر) سید آغا محمد حسیب حیدر نے تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ ملک کے اس عظیم دفاعی ادارے کو مستقبل میں خود کفالت اور اسلحہ سازی کے جدید رجحانات سے ہم آہنگ کیا جائے گا اس سلسلے میں مختلف ممالک کے ساتھ جوائنٹ وینچر کر کے پلانٹ اور مشینری کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے۔ شرکاء نے تفصیلی بریفنگ اور وژن کو سراہا اور دفاعی پیداوار کے اس ادارے کی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ معزز اراکین وفد نے ڈسپلے روم میں پی او ایف کی تیار کردہ دفاعی مصنوعات دیکھیں۔ انہوں نے پی او ایف میں تیار ہونے والی دفاعی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی اور پی او ایف کو دیگر اداروں کے لیے مثالی اور رول ماڈل قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker