
نوشہرہ (نمائندہ خصوصی) قتل کیس میں میاں افتخار کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی ہے، مدعی شیرعالم نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرایا ، غلام بلور کہتے ہیں الیکشن شفاف ہوتے تو تحریک انصاف کو دس فیصد سیٹیں بھی نہ ملتیں۔ نوشہرہ کی عدالت میں میاں افتخار کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی ، وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرلی۔ میاں افتخار کو دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ، دوران سماعت عدالت میں مدعی شیر عالم نے حلف نامہ بھی جمع کرا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ میاں افتخار کی رہائی پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ۔ میاں افتخار کے وکیل نے بتایا کہ واقعے کے وقت کوئی پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ نہیں تھا۔ مقتول کے والد نے حلف نامہ جمع کرا دیا ، اپنے دلائل مکمل کر لیے ، اس موقع پر اے این پی کے رہنما اور سابق وزیرغلام احمد بلور نے کہا کہ میاں افتخار کی گرفتاری سے تحریک انصاف کو بدنامی ملی ، الیکشن شفاف ہوتے تو تحریک انصاف کو 10 فیصد سیٹیں بھی نہ ملتیں ، اے این پی کے کارکنوں کی بڑی تعداد احاطہ عدالت میں موجود ہے –