تازہ ترینکھیل

چیمپئنز ٹرافی تک رسائی کے لئے پاک بنگلہ دیش کشمکش مزید تیز

دبئی(نمائندہ سپورٹس) چیمپئنز ٹرافی2017 کی آخری2 پوزیشنز پر قبضے کی پاک بنگلہ دیش کشمکش مزید تیز ہو گئی، اخراج سے بچنے کے لیے گرین شرٹس کو ہر صورت سری لنکا کو زیر کرنا ہوگا،کلین سویپ  سے پوزیشن انتہائی مستحکم ہو جائے گی، ٹائیگرزکو بھی اپنے خواب برقرار رکھنے کے لیے جنوبی افریقہ کو کم سے کم ایک میچ میں لازمی ہرانا ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی 2017 کی آخری 2 دستیاب پوزیشنز پر قبضے کے لیے پاکستان اور بنگلہ دیش میں جنگ جاری ہے، بنگال ٹائیگرز جمعے سے جنوبی افریقہ کیخلاف تین ون ڈے سیریز شروع کرنے والے ہیں، ہفتے سے گرین شرٹس پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں سری لنکا سے نبرد آزما ہوں گے۔ اس وقت بنگلہ دیشی ٹیم 93 پوائنٹس کے ہمراہ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے مگر اسے یہ پوائنٹس برقرار رکھنے کے لیے لازمی طور پر پروٹیز کے خلاف کم سے کم ایک میچ جیتنا ہوگا، ورنہ اس کے پوائنٹس کی تعداد کم ہوکر 90 ہوجائے گی۔ اگر ٹائیگرز پاکستان اور بھارت کیخلاف سیریز والی فارم برقرار رکھتے ہوئے مہمان ٹیم کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرتے ہیں تو پھر ان کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر مہر تصدیق ثبت ہوجائے گی،اگر وہ 2-1 سے فاتح رہے تو پوائنٹس 96 جبکہ کلین سویپ کی صورت میں 99 ہو جائیں گے۔ اگر جنوبی افریقہ کلین سویپ کرلے تو پھر اسے چوتھی پوزیشن سے اوپر ترقی ملے گی۔ اس وقت گرین شرٹس 87 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ہیں، انھیں ویسٹ انڈیز سے آگے جانے کے لیے سری لنکا کو کم سے کم 3-2 سے زیر کرنا ہوگا،اگر وہ کلین سویپ کرنے میں کامیاب ہوگئے تو پھر 94 لیکن ہارنے پر پوائنٹس 84 رہ جائیں گے، یوں چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کی رسوائی گلے کا ہار بن جائے گی۔پاکستان  1998 میں ناک آؤٹ ٹرافی کے نام سے شروع ہونے والے اس ایونٹ میں آغاز سے ہی شریک رہا ہے، بنگلہ دیش نے آخری مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت 2006 میں کی تھی۔ دریں اثنا زمبابوے بھی جمعے سے بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کھیل رہا ہے، بھارتی ٹیم 115 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ 44 پوائنٹس کی حامل زمبابوین ٹیم  11 ویں نمبر پر موجود ہے، بلو شرٹس کو اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے میزبان سائیڈ پر ہر صورت کلین سویپ ہی درکار ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں  ایدھی کے مشن کو آگے بڑھانا ہے

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker