پاکستانتازہ ترین

دھاندلی نہیں ہوئی، جوڈیشل کمیشن نے پی ٹی آئی کے الزامات مسترد کردیئے

اسلام آباد(بیوروچیف)مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے اپنی رپورٹ حکومت کو بھیج دی ہے۔ ذرائع کہتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن نے تحریک انصاف کے تینوں الزامات مسترد کردیے ہیں، تحریک انصاف نے منظم دھاندلی، انتخابات شفاف نہ ہونے اور عوام کا مینڈیٹ چرانے کے الزامات عائد کیے تھے۔ ذرائع کے مطابق کمیشن کے تینوں ارکان چیف جسٹس پاکستان ناصر الملک، جسٹس امیرہانی مسلم اور جسٹس اعجاز افضل نے بدھ کے روز ایک میٹنگ کے بعد 300صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ وزارتِ قانون کو بھجوادی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے کچھ معمولی نوعیت کی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں، اس سلسلے میں کچھ سفارشات بھی بھیجی گئی ہیں، کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 2013کے عام انتخابات قانون کے مطابق ہوئے اور مجموعی طور پر سیاسی جماعتوں کو ملنے والا مینڈیٹ عوامی رائے کا درست عکاس ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ میں منظم دھاندلی، انتخابات شفاف اور قانون کے مطابق نا ہونے اور مینڈیٹ چوری کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے الزامات مسترد کر دئیے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے وکیل شاہد حامد نے جیو نیوز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ رپورٹ موصول ہو چکی ہے۔ وزارتِ قانون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ وزیر اعظم ہاؤس بھیجی جاچکی ہے، جمعرات کو اس سلسلے میں دیگر ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد وزیر اعظم سے منظوری لی جائے گی، جس کے بعد رپورٹ کو عام کردیا جائے گا۔ ادھر ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ رپورٹ کی سرکاری طور پر تصدیق کے بعد ہی پارٹی اپنا ردِ عمل دے گی۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button