تازہ ترینعلاقائی

میر پور:ادا رہ امور منگلا ڈیم کی وعدہ خلافی کی وجہ سےکئی متاثرین بے گھر اوردربدر

میر پور( اطہر مسعود) ادا رہ امور منگلا ڈیم کی وعدہ خلافی کی وجہ سے ایسے کئی متاثرین بے گھر اور دربدر ہیں جن کی تمام زمینیں منگلا ڈیم توسیعی منصوبے میں آ گئی ہیں اور ان متاثرین کو محض فی کنال دس ہزار روپے دیئے گئے اور وعدے کے مطابق انہیں رہنے کے لئے جگہ بھی فراہم نہیں کی گئی،اس ظلم اور زیادتی کی وہ سے متعدد گھرانے دربدر اور بے آسرا ہیں،وزیر اعظم آزاد کشمیر اور کمشنر امور منگلا ڈیم سے اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لینے کی اپیل۔تفصیلات کے مطابق منگلا ڈیم توسیع منصوبے میں امور منگلا ڈیم کی طرف سے زمینیں ایکوائر کرتے ہوئے متاثرین سے یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ جن متاثرین کے پاس کوئی زمین نہیں بچے گی،انہیں رہنے کے لئے جگہ دی جائے گی لیکن اب تک ایسے متاثرین کو کوئی جگہ فراہم نہیں کی گئی ہے جن کی تمام زمینیں ڈیم کے توسیعی منصوبے میں چلی گئی ہیں۔اطلاعات کے مطابق ان متاثرینی کی زمینوں کی مالیت بھی شرمناک حد تک کم طے کی گئی اور محض دس ہزار روپے فی کنال معاوضہ دیا گیا جبکہ دس ہزار روپے میں کسی بھی جگہ زمین لینا ناممکن ہے ۔یوں برائے نام معاوضہ دینے کی زیادتی کے علاوہ اپنی تمام زمینوں سے محروم متاثرین کو رہنے کے لئے کوئی جگہ بھی فراہم نہیں کی گئی ۔ایسا سلوک خاص طور پر مہاجرین کے ساتھ کیا گیا جنہیں تحریک آزادی کشمیر میں حصہ لینے کی پاداش میں بھارتی فوج کے مظالم کی وجہ سے آزاد کشمیر ہجرت کرنے پر مجبور ہونا پڑا ،اور یہاں آ کر انہیں ان سے رہائش کی جگہیں بھی چھینتے ہوئے انہیں بے گھر اور بے آسرا کر دیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ایسے متاثرین کی تعدا د ایک سو کے قریب ہے جن کی تمام زمین ڈیم کے توسیعی منصوبے کی نذر ہو گئیں اور انہیں رہنے کے لئے متبادل جگہ بھی فراہم نہیں کی گئی۔متاثرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مہاجرین کو آزاد کشمیر سے بے دخل کرنے کی سازش ہے۔متاثرین نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید اور کمشنر امور منگلا ڈیم سے اپیل کی ہے کہ وعدے کے مطابق ان متاثرین کو رہنے کے لئے متبادل جگہ فراہم کی جائے،ان متاثرین کی تعداد ایک سو کے قریب ہے جو مکمل طور پر بے زمین و بے گھر ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں  ڈسکہ: سات ملزمان سے ناجائزاسلحہ ‘چرس وشراب برآمد

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker