پاکستانتازہ ترین

قصورزیادتی اسکینڈل میں اہم پیشرفت، مرکزی ملزم کا اعتراف جرم

قصور(ڈیسک نیوز) قصور زیادتی اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور بچوں سے زیادتی کے الزام میں گرفتار مرکزی ملزم حسیب عامرنے اعتراف جرم کرلیا۔پنجاب کے شہر قصور میں بچوں سے زیادتی کے ملک کے سب سے بڑے اسکینڈل میں ملوث مبینہ مرکزی ملزم حسیب عامر نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ اور اس کے ساتھی بچوں کے والدین کو بلیک میل کرنے کے لئے انہیں جنسی تشدد کا نشانہ بنا کران کی ویڈیوز بناتے تھے جس کے بعد بچوں کے والدین سے پیسے بٹورے جاتے تھے۔ ایس پی انویسٹی گیشن ندیم عباس کا کہنا ہے کہ ملزموں سے برآمد ہونے والے 30 ویڈیو کلپس میں سے 10 میں ملزموں کی شناخت ہوگئی جب کہ ملزموں کے کمپیوٹرز اور میموری کارڈز بھی تحویل میں لئے جاچکے ہیں اور معاملے کی مفصل تحقیقات کے لئے سائبر کرائم سے متعلق ایف آئی اے کی مدد بھی لی جاسکتی ہے۔ایس پی انویسٹی گیشن قصور کا کہنا ہے کہ شامل تفتیش کی گئی ویڈیوز کے بعد کہا جاسکتا ہے کہ واقعات جنسی اسکینڈل ہی ہیں تاہم ملزموں کا ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد چالان مکمل کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ وزیرقانون رانا ثنااللہ اور ڈی پی او قصور نے بچوں سے زیادتی کے اسکینڈل کو اراضی کا تنازع قرار دیا تھا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے محکمہ داخلہ کو قصورمیں بچوں کے ساتھ زیادتی اوران کی وڈیو بنانے کے معاملے کی تحقیقات کے لئے لاہورہائی کورٹ سے جوڈیشل انکوائری کے لئے کمیشن بنانے کی درخواست کا حکم دیا ہے۔ لاہور سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ قصور میں متاثرہ خاندانوں کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کریں گے، ملزمان اپنے انجام سے نہیں بچ پائیں گے، انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی، انہوں نے محکمہ داخلہ پنجاب کو ہدایت کی کہ معاملے کی نچلی سطح پر عدالتی تحقیقات کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو کمیشن تشکیل دینے کی درخواست کرے۔پیپلز پارٹی نے قصور میں بچوں سے زیادتی پر قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس بھی جمع کرا دیا۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ، شازیہ مری، بیلم حسنین اور شاہدہ رحمانی کی جانب سے جمع کرائے گئے توجہ دلاؤ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قصور میں بچوں سے زیادتی میں بااثر افراد ملوث ہیں، وفاقی وزیرداخلہ معاملے کا نوٹس لیں اور ایوان میں اس مسئلے پر بحث کی جائے۔ اس کے علاوہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی سربراہ رحمان ملک نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے عوام سے اس سلسلے میں شواہد مہیاں کرنے کی اپیل کردی ہے اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی پیرکو قومی اسمبلی میں معاملہ اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں  ٹیکسلا:کشمیری عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، نواب آباد جمیل احمد پیرزادہ

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker