پاکستانتازہ ترین

لیفٹننٹ جنرل (ر)حمید گل 79برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے

مری(نمائندہ خصوصی)آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹننٹ جنرل (ر)حمید گل 79 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔ تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کو برین ہیمرج ہوا تھا اور حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مری کے سی ایم ایچ منقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔خاندانی ذرائع کا کہناہے کہ حمید گل کچھ عرصے سے سر درد کی شکایت کررہے تھے ۔اس کے علاوہ وہ بلند فشار خون کے عارضے میں بھی مبتلا تھے ۔ خرابی صحت کی بنا ء پر حمید گل کچھ عرصے سے مری میں قیام پذیر تھے۔ حمید گل 20 نومبر 1936 ء کو سرگودھا میں پیدا ہوئے ۔۔ حمید گل نے اکتوبر 1956 ء میں فوج میں کمیشن حاصل کیا، جبکہ 65 ء کی جنگ کے موقع پر وہ چونڈہ کے محاذ پر ٹینک کمانڈر تھے ۔وہ 1968-69 ء میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرتربیت رہے، جس کے بعد 1972 ء سے 76 ء تک بٹالین کمانڈر اور 1978 ء میں انہیں ترقی دے کر بریگیڈیر بنایا گیا۔اس کے بعد وہ بتدریج ترقی کرکے بہاولپور کے مارشل لا ایڈمنسٹریٹر اور ملتان کے کور کمانڈر رہے۔1987 ء سے 1989 ء تک آئی ایس آئی کے سربراہ رہے جس دوران سوویت یونین کی افغانستان جارحیت کے حوالے سے ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا۔انہیں اسلامک ڈیموکریٹک الائنس کا ماسٹر مائنڈ بھی مانا جاتا ہے۔ملک کے خدمات پر انہیں ہلال امتیاز (ملٹری)اور ستارہ بسالت سے نوازا گیا جبکہ وہ 1992 ء میں فوج سے ریٹائر ہوئے۔طالبان کی پیش قدمی اور افغان جنگ میں ان کا کردار انتہائی اہم سمجھا جاتا رہا ہے ۔پاکستانی سیاست میں بھی وہ سرگرم رہے۔ آئی جی آئی کی تشکیل میں موثر کردار ادا کیا ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ سیاسی اور سماجی فورمز پر متحرک رہے اور اپنی آرا کا برملا اظہار کرنے میں مشہور تھے۔وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حمید گل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جب کہ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے لواحقین کو صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے اور مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے۔

یہ بھی پڑھیں  کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker