پاکستانتازہ ترین

لاہور ہائیکورٹ: حمزہ شہباز کی 10 روز کیلئے عبوری ضمانت منظور

لاہور(پاک نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی 10 روز کے لئے عبوری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے نیب کو لیگی رہنما کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ لاہو ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو ایک کروڑ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے نیب کے وکیل سے استفسار کیا آپ کس کیس میں حمزہ کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں۔ جس پر نیب وکیل نے کہا حمزہ شہباز کے خلاف کل تین کیسز ہیں، آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا ہے، صاف پانی اور رمضان شوگر مل میں ابھی تک وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے۔وکیل حمزہ شہباز نے عدالت میں موقف اپنایا کہ حمزہ شہباز کو رمضان شوگر مل کیس میں ہائیکورٹ نے ضمانت دی تھی، ہائیکورٹ نے گرفتاری سے پہلے دس دن کا وقت دینے کا حکم دیا تھا، 10 دن کا وقت اس لیے دیا گیا تھا کہ مناسب فورم سے ضمانت حاصل کی جا سکے، بغیر اطلاع کے نیب نے حمزہ شہباز کے گھر پر چھاپہ مارا، حمزہ شہباز صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں، وہ ضمانت قبل از گرفتاری لینا چاہتے ہیں تاکہ نیب کے سامنے پیش ہوں۔ادھر لیگی رہنما حمزہ شہباز کو ایک اور بلاوہ آگیا۔ نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں حمزہ شہباز کو 10 اپریل کو دن 11 بجے پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button