پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کا نوٹس خارج

اسلام آباد: پاکستان کی عدالت عظمیٰ نےاین آر او وعمل درآمد کیس میںوزیر اعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس خارج کردیا ہے۔سپریم کورٹ نے این آر کیس پر عمل درآمد نہ کرنے پر وزیر اعظم کےخلاف توہین عدالت کاشوکاز نوٹس 8اگست کو جاری کرتے ہوئےہدایت کی تھی کہ وہ 27اگست کو عدالت کےسامنے پیش ہوں۔ این آراو عمل درآمد کیس کی سماعت جسٹس انورظہیر جمالی کی سربراہی میں 5رکنی بنچ نے کی۔سماعت کےدوران وزیر قانون فاروق ایچ نائیک بنچ کے روبروپیش ہوئے۔ قانون فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو پاکستانی سفیر کی جانب سے اٹارنی جنرل جنیوا کو پہنچائے جانے والے خط کی وصولی کی رسید پیش کی، عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے اپنے حکم نامے میں لکھوایا ہے کہ حکومت نے عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کیا ہے اس لئے ہم وزیراعظم کو دیا گیا توہین عدالت کا نوٹس واپس لیتے ہیں اور حکومت پاکستان کے خلاف توہین عدالت کی سماعت کو بھی ختم کیا جاتا ہے۔ یادرہےکہ پاکستانی حکومت کی جانب سے5 نومبرکو دفترخارجہ کے ذریعےخط سوئس حکام کو بھجوادیا گیاتھا جو 9نومبرکو جنیواکے اٹارنی جنرل کوموصول ہوا۔ خط کے متن میں کہا گیا تھاکہ ملک قیوم نے اس حوالے سے سوئس حکام کو جو خط لکھا اسے کبھی نہ لکھا ہوا خط تصور کیا جائے، سوئس عدالتوں میں کارروائی صدر کو حاصل استثنیٰ سے مشروط ہوگی۔ واضح رہےکہ این آر او سابق صدرپرویزمشرف نے جاری کیا تھا جس کی وجہ سے سیاستدانوں پرقائم تمام مقدمات ختم کردیے گئے تھے اور اسی این آر او کی بدولت ملک قیوم کی جانب سے سوئس حکام کو ایک خط لکھا گیا تھا جس میں منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے چلنے والے مقدمے کو بھی ختم کرنے کی استدعا کی گئی تھی، جس کے تحت آصف زرداری اوربے نظیربھٹو پرقائم مقدمات بھی ختم ہوگئے تھے۔ سپریم کورٹ نے این آر او کو غیر قانونی قرار دینے کے بعد حکومت کو ہدایت کی تھی کہ وہ سوئس حکام کو لکھا گیا خط واپس لے، عدالت نے  اس حوالے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو خط نہ لکھنے پرتوہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں عدالت میں طلب کیا تھا۔ بعد ازاں کئی سماعتوں کے باوجود سوئس حکام کو خط نہ لکھنے پرسپریم کورٹ نے وزیراعظم کی حیثیت سے یوسف رضا گیلانی کو نااہل قراردے دیا تھا۔ یوسف رضا گیلانی کے نااہل ہونے کے بعد راجا پرویزاشرف وزیراعظم بنے تو انہیں بھی سپریم کورٹ نے اس حوالے سے عدالت میں طلب کیا، راجا پرویزاشرف نے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ حکومت سوئس حکام کو خط لکھ دے گی۔

یہ بھی پڑھیں  بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے بعد سبی میں انتخابی گہما گہمی کا آغاز ہوگیا

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker