تازہ ترینعلاقائی

اوکاڑہ : ناقص اشیائے خوردونوش بنانے ،بیچنے اور سپلائی کرنے والے سماج دشمن ہیں . میاں محمد منیر

اوکاڑہ(بیورورپورٹ) ناقص اشیائے خوردونوش بنانے ،بیچنے اور سپلائی کرنے والے سماج دشمن ہیں ان کے خلاف شروع کی گئی مہم کو ہر صورت میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا غیر معیاری اور بغیر لیبل کے اشیائے خوردونوش فروخت کرنے ،گلے سڑے پھل سبزیاں بیچنے ،ہوٹلوں بیکری ،مٹھائی کی تیاری میں مضر صحت اور گھٹیا کوالٹی کی اشیاء استعمال کرنے والوں کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا کھانا اور دیگر خوردونوش کی اشیاء تیار کرنے کی جگہ پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی صورت میں بھی نہ صرف مالکان کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے بلکہ اس جگہ کو بھی سیل کیا جائے گا عوام کا مفاد اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں محمد منیر ،ڈی سی او قیصر سلیم ،ڈی پی فیصل رانا ،اے ڈی سی شیخ فرید احمد ،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مہر ارشاد ،صدر انجمن تاجران چوہدری سلیم صادق ،ظفر اللہ قمر لکھوی ،حاجی احسان الحق ،اسلم پراچہ ،شیخ اظہر ،ناصر وحید ،صدر ڈسٹرکٹ بار اسلم جاوید نے ملاوٹ اور غیر معیاری و ناقص اشیائے خوردونوش کی تیاری و فروخت کے خلاف شروع کی جانے والی مہم سے متعلق آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیمینار میں ضلع انجمن تاجران،ضلعی امن کمیٹی ،ہوٹل و ریسٹوران ،بیکری و مٹھائی کی دکانوں کے مالکان ،این جی اوز ،متعلقہ محکموں کے افسران ،صحافیوں اورسول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کے خلاف شروع کی جانے والی مہم کے فوکل پرسن اے ڈی سی شیخ فرید احمد نے ملاوٹ کے خلاف شروع مہم کے نمایاں خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے مجرموں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے گا پورے ضلع میں بلا امتیاز کاروائی کرتے ہوئے جعلی دودھ بنانے والوں ،غیر معیاری اشیاء کے ذریعے کھانا بیکری اور مٹھائی تیار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جا ئے گا ۔ڈی سی او قیصر سلیم نے کہا کہ ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کے کاروبار سے منسلک ہر شخص کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور کسی قسم کی رعائیت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت سے جڑے تمام معاملات ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اسے فرض سمجھ کر ادا کریں گے انہوں نے افسران کو ہدائیت کی کہ جو بھی آفیسر اس مہم میں اپنے فرائض سے منحرف ہو گا اس کو بھی عبرت کا نشان بنایا جائے گا ۔ڈی پی او محمد فیصل رانا نے کہا کہ ملاوٹ کے خلاف شروع کی گئی اس مہم میں پولیس انتظامیہ کے ساتھ ہے جعلی دودھ اور ادویات ، غیر معیاری کھانے ،مٹھائی اور بیکری کی اشیاء فروخت کرنے والے جرمانوں کی ساتھ جیل کی ہوا بھی کھائیں گے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی ۔میاں محمد منیر نے کہا کہ یہ ضلع ہمارا ہے یہ لوگ ہمارے ہیں ان کو جعلی اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش بنانے اور فروخت کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا حکومت نے عوام کو صاف اور معیاری خوراک فراہم کرنے کا جو عہد کیا ہے اس کو ہر صورت میں نبھائیں گے انہوں نے کہا کہ اس مہم میں افسران کی محنت اور عوام کا تعاون اس ناثور کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کرے گا تقریب سے خطاب کرنے والے دیگر مقررین نے پنجاب حکومت کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا*

یہ بھی پڑھیں  اورنگی ٹاؤن قصبہ موڑ کے قریب زوردار دھماکا

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker