
اوکاڑہ(بیورورپورٹ) سوئی گیس کی مسلسل بندش ،گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے کے باعث مڈل کلاس طبقہ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا خواتین کا بچوں کے ہمراہ چولہے اٹھا کر میڈیا سنٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا خواتین کی سینہ کوبی سوئی گیس کے اعلیٰ حکام کے خلاف نعرہ بازی تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ شہر کی اندرون آبادیوں گورنمنٹ کالونی ،سیٹھ کالونی ،حسین کالونی،چراغ سندھو کالونی،منڈی روڈ ،فیض آباد ،عظیم آباد ،صابری کالونی ،عزیز یعقوب ٹاؤن سمیت درجنوں اضافی بستیوں میں گزشتہ ایک ماہ سے گیس کی مسلسل لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے چند ایک علاقوں میں گیس آ رہی ہے لیکن یہاں بھی اس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہو تا ہے جس کی وجہ سے گھریلو خواتین کو کھانا بنانے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے بچے بھی صبح کے اوقات میں بغیر ناشتے کے ہی سکولوں میں جاتے ہیں لیکن اس حساس نوعیت کے معاملے کا علم ضلعی سوئی گیس انتظامیہ کو ہونے کے باوجود کوئی کاروائی نہیں کی گئی جس پر سینکڑوں خواتین نے بچوں کے ہمراہ میڈیا سنٹر کے باہر چولہے اٹھا کر احتجاج کیا اور سوئی گیس اعلیٰ حکام کے خلاف سخت نعرہ بازی کرتے ہوئے دھرنا دیا ایک گھنٹہ احتجاج کے بعد خواتین تین روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہو گئیں احتجاجی مظاہرے میں شریک خواتین نے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے *