اسلام آباد﴿بیوروچیف﴾ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ایساف کمانڈر جنرل جان ایلن نے ملاقات کی جس میں افغانستان میں نیٹو افواج کی سپلائی بحال کرنے اور سرحدی تعاون بڑھانے کے حوالے سے معاملات کو زیر بحث لایا گیا۔ جنرل جان ایلن کی قیادت میں ایساف کا وفد سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے راولپنڈی پہنچ گیاہے۔ جس نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل کیانی سے سہ فریقی اجلاس سے قبل ملاقات کی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں سرحدی آپریشنز اور نیٹو سپلائی کی بحالی کے حوالے سے معاملات پر بات چیت کی گئی جو کہ گزشتہ سال نومبر میں پاکستانی چیک پوسٹ پر نیٹو حملے کے بعد منقطع کر دی گئی تھی۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف نے ایساف کمانڈر سے ملاقات میں اس بات کو دوہرایا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ پارلیمنٹ اور کابینہ کمیٹی برائے دفاع کرے گی۔ آئی ایس پی آر نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں سرحد علاقوں میں آپریشنز اور آئندہ ناموافق واقعات سے بچائو کے لئے تعاون پر مبنی میکنزم پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سیکورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے علاوہ نیٹو سپلائی کی بحالی اور باہمی دلچسپی کے امور کو زیر غور لایا گیا۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سہ فریقی اجلاس کا انعقاد آج ہو گا جب افغان آرمی چیف جنرل شیرمحمد کریمی راولپنڈی پہنچیں گے
You must be logged in to post a comment.