
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)عبدالرشید غازی قتل کیس کے مفرور ملزم پرویز مشرف کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے واپس لانے کی درخواست پر اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس ارسال کر دیا۔ اسلام آباد کے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج پرویزالقادر میمن کی جانب سے وفاقی حکومت کو جاری کیے گئے نوٹس میں حکم دیا گیا ہے کہ مفرور ملزم پرویز مشرف کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے متعلق وفاق 21 جنوری تک جواب عدالت میں جمع کرائے۔ واضع رہے کہ مقدمہ کے مدعی ہارون الرشید غازی نے 22 دسمبر کو طارق اسد ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی جانے والی درخواست میں عدالت سے استدعا کی تھی کہ وفاقی سیکریٹری داخلہ کو حکم دیا جاۓ کہ وہ پرویز مشرف کے ریڈ وارنٹ جاری کرتے ہوۓ انٹرپول کے ذریعے ان کی گرفتاری عمل میں لاۓ۔اس کے علاوہ عدالت کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی اسلام آباد کو سابق صدر کی جائیداد ضبطگی سے متعلق بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ جائدادوں کی لسٹ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی اسلام آباد کو بھیج دی گئی ہے۔