پاکستانتازہ ترین

حکومت مشرف کے سہولت کاروں کے خلاف تحقیقات پر تیار

اسلام آباد(بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ وہ سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کے مقدمے میں اُن کے سہولت کاروں کے خلاف تفتیش کرنے کو تیار ہے۔ سابق فوجی صدر کے خلاف کے خلاف آئین شکنی کے مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے تین نومبر سنہ 2007 میں ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ میں معاونت کرنے پر اُس وقت کے وزیر اعظم شوکت عزیز، وزیر قانون زاہد حامد اور پاکستان کے چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا تھا۔ زاہد حامد موجودہ حکومت میں بھی وزیر کے عہدے پر فائز تھے تاہم خصوصی عدالت کے اس فیصلے کے بعد وہ اس عہدے سے علیحدہ ہوگئے تھے۔ خصوصی عدالت کے اس فیصلے کے خلاف ان تینوں افراد نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔جسٹس نور الحق قریشی کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ان درخواستوں کی سماعت کی۔  ایڈیشنل اٹارنی جنرل عفنان کریم کنڈی نے عدالت کو بتایا کہ حکومت آئین شکنی کے مقدمے میں خصوصی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں ان تینوں افراد کے خلاف تحقیقات کرنے کو تیار ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو چاہیے کہ وہ تفتیش میں شامل ہوجائیں جس پر درخواست گزاروں کے وکلا کا کہنا تھا کہ اگر خصوصی عدالت اُن کے موکلوں کے خلاف دیے گئے ریمارکس حذف کر دے تو وہ تفتیش میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔ ایک اور درخواست گزار توفیق آصف نے کہا کہ سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کے مقدمے کی کارروائی کو جاری رکھا جائے جبکہ اُن کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کو الگ کر دیا جائے۔ عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ وہ تو اس میں متاثرہ فریق نہیں ہیں تو پھر کیوں اس پر اصرار کر رہے ہیں جس پر توفیق آصف کا کہنا تھا کہ اُن کی درخواست پر ہی پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کے مقدمے کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے کہا کہ اُنھیں اس مقدمے کی تیاری کے لیے کچھ وقت دیا جائے جس پر عدالت نے ان درخواستوں کی سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔دوسری جانب سابق فوجی صدر کے خلاف آئین شکنی کے مقدمے کی سماعت بدھ کو خصوصی عدالت میں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں  شعروسخن بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کا بہترین زریعہ ہے، آکسفورڈ فا ؤ نڈیشن برطانیہ

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker