
کراچی(نامہ نگار)جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ہڑتال ختم کر دی ہے ،سہیل بلوچ کا کہنا ہے کہ ہڑتال مہربان دوست کےکہنے پر ختم کی ہے ۔تفصیلات کےمطابق پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ہڑتال ختم کر دی ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین سہیل بلوچ نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان باقاعدہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہڑتال مہربان دوست کے کہنے پر ختم کی ہے جبکہ شہباز شریف سے ملاقات کیلئے آج ہی روانہ ہونگے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کی ذات سے امید ہے ہم کسی کو مایوس نہیں کریں گے جو بہتری ہوئی وہ ہمارے دوست محب وطن کی وجہ سے ہوئی۔سہیل بلوچ نے کہا ہے کہ مہربان دوست نے کہا ہے کہ ان کا نام نہ لیا جائے جبکہ ہم اپنے ساتھیوں کو سولہ دن احتجاج کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ سہیل بلوچ نے کہا ہے کہ فلائٹ آپریشن کی بندش کو 8دن گزر چکے ہیں جبکہ حکومت پاکستان نے مسافروں کی مشکلات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جبکہ ہمیں ابھی ان مشکلات کا احساس ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ شہباز شریف سے ملاقات کے نتائج مثبت ہوں گے ہمیں یقین ہے کہ آنے والے دن بہتر مستقبل کے ضامن ہوں گے جبکہ پی آئی اے کے تمام ملازمین فلائٹ آپریشن بھرپورتعاون کے ساتھ شروع کریں ۔ انہوں نے پی آئی اے ملازمین سے بھی کہا کہ کوئی رکاوٹ ڈالے تو ایسے لوگوں کی نشاندہی کریں اب کوئی جواز نہیں ہے کہ فلائٹ آپریشن کو مزید تاخیر تک لے جائیں ۔