پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم تین روزہ سرکاری دورے پر ترکی روانہ

اسلام آباد(پاک نیوز)وزیراعظم شہبازشریف تین روزہ سرکاری دورے پر ترکی روانہ ہوگئے ہیں۔منصب وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کا ترکی کا یہ پہلا دورہ ہے جہاں صدر رجب طیب اردوان سے ان کی ون آن ون ملاقات ہوگی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لینے کے علاوہ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔دونوں رہنما اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے مشترکہ خطاب بھی کریں گے جبکہ صدر اردوان وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔اسکے علاوہ ترکی کے خارجہ امور، تجارت اور صحت کے وزرا بھی دورے کے دوران وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔وزیراعظم ’پاکستان ترکی بزنس کونسل فورم‘ میں بھی شرکت کریں گے جہاں وہ ترکی کے ممتاز کاروباری حضرات اور مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی شخصیات سے بھی تفصیلی ملاقات کریں گے۔ان تقاریب کے دوران وزیراعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کریں گے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ترک کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔خیال رہے کہ رواں برس پاکستان اور ترکی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں(75) ویں سالگرہ بھی منائی جارہی ہے۔ دورے کے دوران صدر اردوان اور وزیراعظم شہبازشریف مشترکہ طور پر یادگاری نشان بھی جاری کریں گے جو ترکی اور پاکستان کے درمیان غیرمعمولی دوطرفہ تعلقات کی طویل تاریخ میں اِس اہم سنگ میل کی مناسبت سے تیار کیاگیا ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ترکی پہنچیں گے جبکہ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات  مریم اورنگزیب، وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور فہد حسین بھی وفد میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button