اسلام آباد: وزارت عظمی کے انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی کے مخدوم شہاب الدین، راجا پرویز اشرف اور قمرزمان کائرہ، مسلم لیگ ن کے سردار مہتاب عباسی اور جمعیت علمائے اسلام کے مولانا فضل الرحمان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں، وزیراعظم کا انتخاب کل کیا جائے گا۔ وزارت عظمٰی کے امیدوار کیلئے پیپلزپارٹی کے مخدوم شہاب الدین، ان کے متبادل امیدوار راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ ، مسلم لیگ ن کے سردار مہتاب عباسی اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔ نواز لیگ کی جانب سے مخدوم شہاب الدین اور راجہ پرویز اشرف کے کاغذات پر اعتراضات اٹھائے گئے لیکن اسپیکر نے انہیں مسترد کر دیا۔ اس سے پہلے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر پیپلز پارٹی کے امیدوار مخدوم شہاب الدین اپنے ممکنہ انتخاب کے حوالے سے بہت پرجوش نظر آئے۔ جب ان سے ایفی ڈرین کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے اس کا جواب شاعرانہ انداز میں دیا۔ جے یو آئی کی جانب سے وزارت عظمی کے امیدوار فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ جمہوریت کو بچانے کے لیے مجبورا میدان میں آئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار مہتاب خان نے کہا کہ اگر وہ وزیراعظم منتخب ہوئے تو تمام عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کروائیں گے۔ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب جمعہ کو کیا جائے گا، اسپیکر کے مطابق اگر کوئی امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینا چاہے تو ایسا قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے پہلے تک کیا جاسکتا ہے۔
You must be logged in to post a comment.