تازہ ترینعلاقائی

پھولنگر: منشیات فروشوں کے گٹھ جوڑ،پولیس پر جھوٹے الزام

بھائی پھیرو ﴿نامہ نگار﴾ پولیس کی منشیات  فروشوں کے خلاف چلائی  گئی  مہم  کے خلاف  با اثر افراد،  اور  منشیات  فروشوں  نے  گٹھ  جوڑ کر لیا ۔ جھوٹی شکایات ، جھوٹی رٹ درخواستوں ، جھوٹی خبروں سے پولیس افسران کو پریشان کر کے مہم کو بندکرانے کیلیے دبائوڈالنا شروع کر دیا ۔ منشیات فروشوں کے خلاف مہم جاری رکھی جائے اور اعلیٰ پولیس حکام مقامی پولیس کو تحفظ فراہم کریں ۔ عوامی ، سماجی حلقوں کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق بھائی پھیرو میں ڈی آئی جی شیخوپورہ رینج ذوالفقار چیمہ کی نگرانی میں منشیات فروشوں کے خلا ف چلائی گئی مہم زورو شور سے جاری ہے اور اس مہم کے دوران علاقے بھر سے بد نام زمانہ اشتہاری منشیات فروشوں کے قبضے سے پولیس نے بھاری مقدار میں چرس، افیون ،ہیروئین اور شراب برآمد کر کے انہیں جیل کی سلاخوں میں بند کر دیا ، جس سے بھائی پھیرو شہر سمیت گر دو نواح کے لاکھوں لوگوں نے نئی نسل کی رگوں میں نشے کا زہر داخل کر کے انہیں موت کے اندھیروں میں دھکیلنے والے معاشرے کے نا سوروں کے خلاف کاروائی سے سکھ کا سانس لیا ۔ اب با اثر افراد اورمنشیات فروشوں نے گٹھ جوڑ کر کے مقامی پولیس افسران کے خلاف اُوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر دئیے ہیں ۔ منشیات فروشوں نے چندضمیر فروش لوگوں کو بھاری رقوم دے کر ان کے ذریعے اعلیٰ پولیس حکام کو جھوٹی درخواستیں دے کر ، چند قلم فروش نام نہاد صحافیوں کو خرید کر جھوٹی اور من گھڑت خبریں شائع کروا کر اور بعض قانون فروش وکلا کے ذریعے عدالتوں میں جھوٹی رٹ در خواستیں دائر کر کے مقامی پولیس کو ہراساں اور پریشان کرنا شروع کر دیا ہے ۔ ماضی میں بھی اس علاقے کے منشیات فروشوں نے اسی طرح کئی پولیس افسران کو جھوٹے الزامات لگا کر نوکریوں سے بر خواست کروایا اور اپنا مکروہ دھندہ زور و شورسے جاری رکھا ۔ منشیات فروشوں نے بعض فاحشہ عورتوں کو بھاری معاوضہ کے عوض خرید کر ان کے ذریعے پولیس والوں پر زنا اور حمل گرانے جیسے سنگین الزام لگانے شروع کر دئیے ہیں اور فرض شناس ایس ایچ او سٹی بھائی پھیرو سردار محمد امجد ڈوگر کے خلاف ایسے ہی الزامات لگا کر بھائی پھیرو شہر کے بد نام زمانہ منشیات فروشوں کے زر خرید نوکر نے ایک جھوٹی درخواست مقامی عدالت میں دائر کی اور بعض اخبارات میں ایسی ہی جھوٹی اور من گھڑت خبریں شائع کروائی۔ ہیومن رائیٹس کونسل صوبہ پنجاب کے صدر میجر﴿ر﴾ حبیب الرحمان میو ایڈووکیٹ اور بھائی پھیرو کے عوامی ، سماجی اور کاروباری حلقوں نے پولیس کے خلاف منشیات فروشوں ، ضمیر فروشوں ، قانون فروشوں، قلم فروشوں اوربا اثر افراد کے گٹھ جوڑکی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام ، اعلیٰ عدلیہ اور نارکاٹکس کنڑول کرنے والے اداروں کو مقامی پولیس کو تحفظ فراہم کرکے اس آپریشن کو جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button