پاکستان

سرگودھا: ہم فصلی بٹیرے نہیں جو فصل پکنے پر آتے ہیں ۔ وزیراعظم پاکستان

سرگودھا(بیورورپورٹ) وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے سرگودھا میں ایک بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فصلی بٹیرے نہیں جو فصل پکنے پر آتے ہیں میں یہاں پر ووٹ لینے نہیں آیا میں یہاں کے عوام کے دکھوں کا مداوہ کرنے اور یہاں کے عوام کیلئے بہت سے ترقیاتی منصوبے لے کر آیا ہوں۔ میں2013ءمیں ہونیوالے انتخابات کے موقع پر آپ کے پاس پھر آﺅنگا اگر آپ سمجھے گے کہ ہماری گورنمنٹ نے آپ کے مسائل حل کیئے تو ہمیں ووٹ دینا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں یہاں پر محترمہ بینظیر بھٹو کا وعدہ وفا کرنے کیلئے آیا ہوں، محترمہ بینظیر بھٹو نے کہا تھا کہ جب میں وزیراعظم بنو گی تو اسی کمپنی باغ میں عوام کے اجتماع سے خطاب کرونگی مگر ان کی زندگی نے وفانہ کی اب میں ان کا نمائندہ بن کر آپ کے پاس آیا ہوں مجھے فخرہے کہ میں شاہینوں کے ان شہریوں سے خطاب کررہا ہے جس کے لوگوں نے سب سے زیادہ سول ایوارڈز حاصل کیئے ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چور دروازے سے نہیں عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر اقتدار میں آئے ہیں اور وہ لوگ جو ڈکیٹیٹروں کے سہارے آتے ہیں وہ انکے ساتھ ہی دفن ہوجاتے ہیں، میں کارکنوں کے پاس آیا ہوں اور یہ وہ کارکن ہیں جو ہماری پارٹی کے انمول ہیرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہی ہیروں کی خاطر شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے خود کو پھانسی پر چڑھا لیا مگر عوام کو شعور دے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کتنے بھٹو مارو گے ہر گھر سے بھٹو نکلے گا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ہم سونامی لارہے ہیں، کوئی کہہ رہا ہے کہ ہم زلزلہ لارہے ہیں، اب مشرف کہتا ہے کہ لوگ مجھے یاد کرتے ہیں ایک اور لیڈر انقلاب کی باتیں کررہا ہے، انہیں نہیں معلوم کہ انقلاب باتوں سے نہیں عوام کے ساتھ ہونے سے آتا ہے، پیپلزپارٹی عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئی ہے اس نے کسی کی بیساکھیوں کا سہارا نہیں لیا۔ ہم نے محترمہ بینظیر بھٹو کے مفاہمتی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا یا ہے، مگر بعض لوگ جو کہ ہوس اقتدار میں اندھے ہورہے ہیں، وہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مگر عوام انکے بہکاوے میں نہیں آئے گے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ مجھے سرگودھا کی مختلف یونین کونسلوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کا کہنا گیا ہے میں سرگودھا میں پینے کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کا اعلان کرتا ہوں، انہوں نے سرگودھا میں نوجوانوں کیلئے تربیتی پروگرام کیلئے25کروڑ روپے ہر یونین کونسل میں آئی ٹی سنٹر قائم کرنے، ہائی کورٹ کے بینچ کے قیام اور سرگودھا کے کینو کی انڈونیشیا برآمد پر ڈیوٹی ختم کرنے سرگودھا میں سویٹ ہومز کا افتتاح، 43کروڑ روپے کی لاگت سے132 کے وی کے گرڈ اسٹیشن، 31کروڑ روپے کی لاگت سے کچہری پھاٹک پر ریلوے انڈر پاس، ریجنل سوئی گیس آفس کا افتتاح،2ارب60لاکھ روپے کی لاگت سے60دیہاتوں کو گیس کی فراہمی، بینظیر آسٹرو ٹرف ہاکی اسٹیڈیم، بیت المال سے بیوہ اور غریب خواتین کیلئے سلائی مشینوں کی فراہمی 15ارب50کروڑ روپے کی لاگت سے1123دیہاتوں میں بجلی اور گیس کی ترسیل41دیہاتوں کو مزید بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ جبکہ تعلیم اور صحت کیلئے82کروڑ روپے کی لاگت سے میڈیکل کالج کا افتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ لوگ کسی کے بہکاوے میں آنے کی بجائے پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں، اس سے قبل جلسہ عام سے وفاقی وزیر پیداوار چوہدری انور علی چیمہ، صوبائی صدر پنجاب امتیاز صفدر وڑائچ، تسنیم احمد قریشی، ندیم افضل چن، وسیم افضل چن، رانا منور غوث، اعجاز کاہلوں، طاہر نوید چوہدری، میاں اجمل سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر نادیہ عزیز، ملک عزیزالحق، حاجی فاروق حسن، مرزا الیاس بیگ، حامد اعوان، ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی سمیت دیگر نے وزیراعظم سے اسٹیج پر ملاقات کی۔ ایم این اے تسنیم احمد قریشی نے وزیراعظم کو سرگودھا روایتی پگڑی پہنائی جبکہ ان کے بھائی متین احمد قریشی نے وزیراعظم کو تاجروں کے اور شہریوں کی جانب سے سونے کا تاج پہنایا۔

یہ بھی پڑھیں  سرگودھا : درگاہ میں لاٹھیوں اور چھریوں کےوار سے20افراد قتل

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker