پاکستانتازہ ترین

پنجاب میں 9 نشستوں پر ضمنی انتخاب ، پولنگ کا وقت شروع

اسلام آباد(بیوروچیف)  قومی اسمبلی کی 2، پنجاب اسمبلی کی 6 اور سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی آج انتخابات ہورہے ہیں، ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت شروع ہوگیا ہے جبکہ پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، رینجرز اور فوج کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔ الیکشن کمشنر پنجاب محبوب انور نے میڈیا کو بتایا کہ پنجاب میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 8 نشستوں پر انتخابات کے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں، پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے 107گجرات اور این اے 162 ساہیوال پر ضمنی الیکشن ہونگے، اسی طرح پی پی 26 جہلم، پی پی 92 گوجرانوالہ، پی پی 122 سیالکوٹ، پی پی 129 سیالکوٹ، پی پی 133 ناروال اور پی پی 226 ساہیوال جبکہ سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 21 نوشہروفیروز پر بھی ضمنی انتخابات کیلئے آج پولنگ ہوگی۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے 162 ساہیوال 3 کی نشست پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی زاہد اقبال کی دوہری شہریت کے باعث خالی ہوئی، اس نشست پر 11 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے علی فرید کاٹھیا، مسلم لیگ ن کے چوہدری زاہد اقبال اور تحریک انصاف کے رائے حسن نواز کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے جبکہ این اے 107 گجرات 4 کی نشست مسلم لیگ ن کے ملک جمیل اعوان کو دوہری شہریت کے باعث خالی ہوئی ہیں۔ یہاں 14 امیدوار ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے ملک محمد حنیف اعوان اور پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ق کے مشترکہ امیدوار چوہدری رحمان نصیر مرالہ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 226 ساہیوال 7 مسلم لیگ ق کے ایم پی اے ملک اقبال احمد لنگڑیال کو نااہل قرار دیئے جانے کے باعث خالی ہوئی تھی، یہاں 10 امیدوار کے درمیان مقابلہ ہوگا، تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ ق کی بیگم نسیم لنگڑیال اور مسلم لیگ ن کے چوہدری حنیف کے درمیان متوقع ہے۔ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 92 گوجرانوالہ II مسلم لیگ ن کے اشرف چوہان کی دوہری شہریت کے باعث خالی ہوئی، اس نشست پر 15 امیدوار میدان میں ہیں، تاہم مسلم لیگ ن کے امیدوار نواز چوہان اور پیپلز پارٹی لالہ اسد اللہ پاپا کے درمیان سخت مقابلہ کی توقع ہے۔ پی پی 122 سیالکوٹ 2 پر مسلم لیگ ن کے چوہدری اخلاق کی دوہری شہریت پر خالی ہوئی، اس نشست پر مسلم لیگ ن کے چوہدری اکرم کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے راجا عامر کے ساتھ ہے۔پی پی 129 سیالکوٹ IX کی نشست مسلم لیگ ن کے چوہدری جمیل اشرف کی دوہری شہرت کے باعث خالی ہوئی جس پر مسلم لیگ سے محسن اشرف کا مقابلہ مسلم لیگ ق کے عنصر بریال سے ہوگا۔ پی پی 133 نارووال III مسلم لیگ ق کے ڈاکٹر طاہر علی جاوید کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی ، اس نشست کیلئے مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر نعمت علی جاوید اور مسلم لیگ ق کے عمر شریف میدان میں ہیں۔پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 26 جہلم III مسلم لیگ ن کے ندیم خادم کی دوہری شہریت پر خالی ہوئی جہاں 6 امیدوار میدان میں ہیں، مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار چوہدری محمد عارف اور آزاد امیدوار صوفی محمد عزیز کے درمیان سخت مقابلہ کی توقع ہے۔ سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 21 نوشہروفیروز پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر احمد علی شاہ کی دوہری شہریت پر نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ صوبائی اسمبلی کی نشست پر پیپلز پارٹی کے امیداور سرفراز حسین شاہ اور نیشنل پیپلز پارٹی کے امیدوار سید افضال حسین شاہ کے درمیان مقابلہ ہوگا ۔

یہ بھی پڑھیں  لاہور دہشت گردوں کے نشانے پر، پولیس لائن کے باہر خودکش حملے میں آٹھ افراد جاں بحق

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker