لاہور﴿نمائندہ خصوصی﴾وزیر تعلیم پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ پہلی سے دسویں جماعت کی تمام نصابی کتب مارکیٹ میں دستیاب ہیں اور پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے طلبائ، والدین اور اساتذہ کی سہولت کے لئے 22۔ اردو بازار نزد بنک الحبیب پراپنا بک سٹال بھی قائم کیا ہے جہاں پر بورڈ اور نجی شعبے کی شائع کردہ تمام نصابی کتب دستیاب ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے حکام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں چیئر مین پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ مختار احمد نول ، خلیفہ مجید اور محکمہ تعلیم کے حکام نے بھی شرکت کی ۔صوبائی وزیر نے بورڈ حکام کو ہدایت کی کہ جو پبلشر ز بروقت معاہدے کے تحت کتابیں فراہم نہیں کر سکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں بلیک لسٹ کر دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے کتابیں شائع کرنے کے پرانے نظام کو بحال کر دیا جائے گا تاکہ نصابی کتب طلبا کو بروقت اور سستی دستیاب ہوں ۔انہیں بتایا گیا کہ نجی شعبے کی جانب سے شائع کردہ نصابی کتب چوہدری غلام رسول اینڈ سنز ، الفیصل ناشران اور جی ایف ایچ پبلشرز اردو بازار سے بآسانی حاصل کی جا سکتی ہیں ۔ صوبائی وزیر کو بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کے تعلیمی اصلاحاتی پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں مفت فراہم کی جانے والی نصابی کتب کی 4 کروڑ 21 لاکھ سے زائد جیکٹس پہلے ہی متعلقہ حکام کے حوالے کی جا چکی ہیں اور اس سلسلہ میں کسی قسم کا کوئی بحران نہیں ہے ۔
You must be logged in to post a comment.