پاکستانتازہ ترین

بلوچستان میں گورنر راج نافذ کر دیا گیا

downloadاسلام آباد(مانیٹرنگ سیل) پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد صوبہ بلوچستان میں دو ماہ کے لیے گورنر راج نافذ کر دیا گیا ہے جس کے بعدگورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی صوبے کے چیف ایگزیکٹو بن گئے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے اتوار کو رات گئے کوئٹہ میں دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی کی صوبائی حکومت کی برطرفی اورگورنر راج نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق اتوار کی رات ہی صدرِ پاکستان نے وزیراعظم کی جانب سےآئین کے آرٹیکل 234کے تحت بھیجی گئی سمری پر دستخط بھی کر دیے ہیں جس کے بعد گورنر راج عملی طور پر نافذ ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ شیعہ تنظیموں نےگورنر راج کے عملی نفاذ تک دھرنا جاری رکھنے اور دھماکوں کے ہلاک شدگان کی تدفین نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔یہ دھرنا جمعرات کو علمدار روڈ پر ہونے والے دوہرے دھماکوں میں نوے سے زائد شیعہ افراد کی ہلاکت کے بعد شروع ہوا تھا اور ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سمیت ہزاروں افراد سخت سرد موسم میں پچھہتر میتیں ساتھ لیے اسّی گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد بھی دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔علمدار روڈ پر دھرنے میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد شامل رہی اور یہ افراد بلوچستان کی موجودہ حکومت کے خاتمے، کوئٹہ شہر کی سکیورٹی کا انتظام فوج کے حوالے کرنے اور حملہ آوروں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے مطالبات کر رہے ہیں۔کوئٹہ سے مقامی صحافی محمد کاظم کے مطابق وزیراعظم نے گورنر راج کے نفاذ کا اعلان اتوار کو کوئٹہ میں ساٹھ گھنٹے سے پچھہتر میتوں سمیت دھرنا دینے والے مظاہرین کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد کیا۔پنجابی امام بارگاہ میں ہونے والی ملاقات میں انہوں نے پہلے ہلاک شدگان کے لیے فاتحہ خوانی کی جس کے بعد انہیں ہزارہ برادری کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے بعد حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئین کے آرٹیکل دو سو چونتیس کے نفاذ کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں گورنر راج لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تحلیل کر دی جائے گی اور ’جب آپ صبح اٹھیں گے تو صوبے میں گورنر راج نافذ ہوگا اور گورنر ذوالفقار مگسی صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہوں گے‘۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وہ گورنر سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس سانحے کے ذمہ داران کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائیں گے اور کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔اس موقع پر ہزارہ برادری کے نمائندوں نے وزیراعظم سے کوئٹہ میں فوج کی تعیناتی پر بھی اصرار کیا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد کوئٹہ کے کور کمانڈر گورنر مگسی کے احکامات کے پابند ہوں گے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبے میں فرنٹیئر کور کو پولیس کے مکمل اختیارات دے دیے گئے ہیں اور انتظامیہ جب چاہے مدد کے لیے فوج بھی طلب کر سکتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کورکمانڈر ایف سی کی کارکردگی پر نظر رکھیں گے اور کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائےگا۔انہوں نے مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ دھرنا ختم کریں اور جمعرات کو دھماکوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کر دیں تاہم موقع پر موجود ہزارہ رہنما قیوم چنگیزی نے گورنر راج کا نوٹیفیکیشن ہاتھ میں آنے تک لاشوں کی تدفین سے انکار کر دیا۔ادھر کوئٹہ یکجہتی کونسل کے صدر سعادت علی ہزارہ نے کہا ہے کہ مطالبات تسلیم کیے جانے کے بعد علمدار روڈ پر جاری دھرنا جاری رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے تاہم کچھ افراد معاملات کو پیچیدہ بنانے پر مُصِر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں  عام آدمی اور طالبان

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker