
کوئٹہ(مانیٹرنگ سیل)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے جامعات کی سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت کردی۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے مختلف جامعات کادورہ کیا۔سیکرٹری داخلہ اکبر درانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ہمراہ تھے۔ وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے دورے کے دوران جامعات کی سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا اورانتظامیہ سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر داخلہ نے جامعات کے حکام سے سیکورٹی کے معاملات پر مشاورت کی۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ ماہ مارچ سے قبل ہی تمام جامعات کو مکمل سیکورٹی فراہم کر دی جائےگی۔