
لاہور(نمائندہ شوبز) بھارتی فلم رئیس کو پاکستان میں نمائش کے لیے ناموزوں قرار دے دیا گیا۔ فلم میں اسلام کے تشخص اور مسلمانوں سے متعلق غلط تاثر دینے پر سنسر بورڈ نے فلم کی نمائش کے لیے سرٹیفیکیٹ جاری نہیں کیا۔ کچھ دن پہلے حکومت کی جانب سے بھارتی فلموں کی نمائش کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ بھارتی فلموں کی نمائش سے پہلے ان کی سنسر بورڈ سے کلئیرنس کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔ فیصلے کے بعد کابل اور دوسری فلموں کی نمائش تو کر دی گئی مگر رئیس فلم کی کلئیرنس کے لیے سنسر بورڈ نےتین دن کے لیے تفصیلی جائزہ لیا اور اس کے بعد سرٹیفیکیٹ جاری نا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سنسر بورڈ نے اعتراض اٹھایا ہے کہ رئیس فلم میں اسلام کے تشخص اور مسلمانوں سے متعلق غلط تاثر دیا گیا ہے۔ فلم رئیس میں مسلمانوں کو شدت پسند کے طور پر نمایاں کیا گیا ہے جس کے باعث فلم رئیس کو غیر موضوع قرار دیا گیا ہے۔