پاکستانتازہ ترین

مظفرآباد میں لینڈ سلائیڈنگ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا،خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بارش اور برفباری ، مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 19افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

آذادکشمیر+ہری پور/ شانگلہ/صوابی/نوشہرہ/ راولپنڈی/اوکاڑہ /خانیوال /غذر(چیف رپورٹر/نمائندگانrain)خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کے باعث برفانی تودہ گرنے ،طغیانی میں بہہ جانے اور مکانات کی چھتیں گرنے کے مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 19افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ہری پور کے علاقے تلوکر کے قریب برساتی نالے میں شدید بارشوں کے بعد طغیانی آگئی اورتین بچوں اور دو خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 6افراد نالے میں بہہ گئے۔ ایک بچے کی نعش اور ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیاجبکہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ شانگلہ کے علاقے ملک خیل امنوی میں برفانی تودہ گرنے سے3راہگیر جاں بحق ہوئے جبکہ بشام لاہور نالے کے قریب گاڑی کھائی میں گر نے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔صوابی کے افغان مہاجر کیمپ میں مکان کی چھت گر نے سے2کمسن بھائی جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوگئے۔نوشہرہ کے علاقے رحیم آباد میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شحص جاں بحق اور2زخمی ہو گئے۔راولپنڈی کے علاقے ڈھوک سیداں میں بارش کی وجہ سے کچے مکان کی چھت گرگئی جس سے ایک شخص جاں بحق اور 2زخمی ہو گئے۔ حافظ آباد کے علاقے پنڈی بھٹیاں میں ہوٹل کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔اوکاڑہ کے نواحی گاؤں دھرمے والہ میں مکان کی چھت گرنے سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے۔خانیوال کے علاقے جسونت نگر میں بارش کے باعث کچھے مکان کی چھت گرگئی، جس سے 7 افراد ملبے تلے دب گئے، ریسکیو ٹیم نے4 افراد کو بحفاظت نکال لیا، جبکہ3 افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔ ہزارہ ڈویژن کے اضلاع مانسہرہ اوربٹگرام میں پہاڑوں پر وقفے وقفے سے ہلکی برف باری جاری رہی۔گلیات میں ہرسوبرف بچھی ہے اور رابطہ سڑکیں بند ہیں، جس سے سیاح کئی روز سے پھنس کر رہ گئے۔مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سوات ،چترال اور شانگلہ میں بھی پڑنے والی برف خون جمارہی ہے۔ قبائلی علاقوں شمالی وزیرستان ،اورکزئی ،باجوڑاور کرم ایجنسی کے کئی اضلاع میں ہرچیز برف میں چھپی ہوئی ہے جبکہ بجلی اورپانی کی بندش لوگوں کی پریشانی کا سبب بن رہی ہے۔ نوشہرہ اور گرد نواح میں تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث متعدد دیہاتوں میں پانی کھڑا ہوگیا اور سیکڑوں گھر زیر آب آگئے۔ جلوزئی کیمپ میں بارش کے باعث متاثرین باڑہ کو مشکلات کا سامنا رہا۔متاثرین باڑہ قریبی دیہات اورمساجد میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ نوشہرہ کے متعدد علاقوں کے برساتی نالوں میں صورتحال نارمل ہے۔ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں ہونے والی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔دیامراوراستور سمیت گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں کئی روز سے ہونے والی برف باری سے تمام رابطہ سڑکیں بندہوگئی ہیں۔غذر کے نشیبی علاقوں میں چھٹے روز بارش اور برف باری سے مقامی افرادکو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ مظفرآباد میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے مظفرآباد کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مظفرآباد کوہالہ اور مانسہرہ ایبٹ آباد روڈ بھی بند ہے۔

یہ بھی پڑھیں  سنجھورو:صحافیوں کوجرائم پیشہ اورغنڈہ عناصر کے رحم وکرم پرچھوڑدیا گیا ہے۔محمد حنیف ملک

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker