پاکستانتازہ ترین

بارش و سیلاب، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر میں ہلاکتیں 152 تک پہنچ گئیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ سیل) ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارش اور تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف حادثات میں 2 دن کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاں بحق افراد کی تعداد 75 ہوگئی، آزاد کشمیر ميں 60، گلگت بلتستان میں 9 اور خيبر پختونخوا ميں 8 افراد جان سے گئے۔ بارش اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، ملک بھر میں ہلاکتیں 150 سے تجاوز کرگئی، درجنوں زخمی ہیں، سیکڑوں مکان گرگئے، فصلیں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، طوفانی بارشوں کے بعد دریا بھی بپھر گئے، قادرآباد اور ہیڈ مرالہ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، راولپنڈی، سیالکوٹ، گوجرانوالہ گجرات اور حافظ آباد میں فوج طلب کرلی گئی، امدادی کارروائیوں کے دوران ایک جوان بھی شہید ہوگیا۔ بارشوں سے تباہی کا سلسلہ دراز ہوگیا، کئی اضلاع میں قیامت ٹوٹ پڑی، کچے گھر اور کمزور دیواریں مسلسل گر رہی ہیں، بجلی کا کرنٹ بھی جانیں لے رہا ہے، پنجاب میں سب سے بڑھ کر جانی نقصان ہوا۔ سیالکوٹ میں بارش سے کئی کچے گھروں کی چھتیں گرگئیں، پسرور کے میاں بیوی اور بیٹا جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے، ضلع میں کرنٹ، چھتیں اور دیواریں گرنے سے 11 افراد ابدی نیند سوگئے، فیصل آباد میں بھی گھروں اور فیکٹری کی کمزور چھتیں گرنے نے 5 شہری جان سے گئے، 2 درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ ميں بارش کا پانی سرکاری عمارتوں ميں داخل ہوگيا، شہر کی بیشتر سڑکیں بھی پانی ميں ڈوب گئی ہيں، حادثات سے 2 افراد جان سے گئے، کامونکی میں چھت گری تو بچی سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، جہلم کے علاقے دينہ ميں پُل پر کھڑے افراد برساتی نالے ميں بہہ گئے، 2 بچوں اور خاتون سميت 5 افراد کی جان گئی۔ قصور ميں کرنٹ لگنے سے نوجوان کی زندگی کا چراغ گل ہوگیا، 12 مويشی بھی ہلاک ہوگئے، نارووال کے گاؤں چندو وال ميں چھت گری تو ايک شخص جاں سے گیا، شیخوپورہ میں دیوار گرنے سے لڑکی جاں بحق بحق ہوگئی، چنیوٹ، قصور اور بورے والا میں بھی کرنٹ نے 4 افراد کی جان لے لی۔ اوکاڑہ اور حویلی لکھاں میں بھی 2 افراد جان سے گئے، آزاد کشمیر میں بھی بارش تباہی لائی، حویلی کے گاؤں جوکاں میں چھت گری، 3 بچے جان سے گئے اور 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔ آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، میرپور اور وادی نیلم میں گزشتہ روز بھی درجن بھر سے زائد افراد مختلف حادثات میں جاں بحق ہوئے۔ خيبرپختونخوا ميں بارش نے تباہی مچائی، ہری پور ميں چھت گرنے سے ماں اور 3 بچے موت کی نيند سوگئے۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button