تازہ ترینعلاقائی

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ریاضی کے موضوع پرکانفرنس منعقد کی گئ

Department of math 1-11-2013راولپنڈی (ڈپٹی بیورو چیف )بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد کے شعبہ ریاضی و شماریات کے زیر اہتمام ریاضی کے موضوع پر دوسری کانفرنس منعقد کی گئی جس میں یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، ڈائریکٹر جنرل (انتظامی و مالیاتی امور ) گلزار احمد خواجہ سمیت معروف ریاضی دانوں اور یونیورسٹی کے اساتذہ و طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب جس کی صدارت ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کی ، میں مقررین نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاضی ایک انتہائی اہمیت کا حامل شعبہ ہے اور تقریبا ہر شعبے میں تحقیق کرنے والے اس سے استفادہ کرتے ہیں ۔ امت مسلمہ کی ترقی اور سلامتی کی لئے ضروری ہے کہ اس شعبے میں مہارت حاصل کی جائے ۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں فیکلٹی آف بیسک اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے ڈین ڈاکٹر محمد شیر ، سینیئر ریاضی دان عصمت بیگ اور کانفرنس کے منتظم اعلیٰ ڈاکٹر ارشد ضیاء بھی موجود تھے۔ اس موقع ڈاکٹر احمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق کے طلبہ امت مسلمہ کا مستقبل ہیں اور یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے مستقبل میں امت مسلمہ کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاضی تمام مضامین کی بنیاد ہے اور اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ حالیہ کانفرنس اس بات کا ثبوت ہے کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی شعبہ ریاضی میں بہترین ماہرین کی تیاری کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کانفرنس کے منتظمین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ملک بھر سے آئے ہوئے ماہرین و مقررین کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے طلباء کو وظائف دینے کے لئے دنیا کی مختلف جامعات سے مفاہمت کا یاد داشتوں پر دستخط کئے ہیں اور اسی سلسلے کی کڑی کے تحت ریاضی کے طلبہ کو بھی اس سہولت سے استفادے کا موقع دیا جائے گا۔ قبل ازیں ڈاکٹر محمد شیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی یونیورسٹی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کی خدمت میں مصروف عمل ہے اور جامعہ میں مختلف مسلم ممالک کے طلبہ و طالبات کو اعلیٰ معیاری تعلیمی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تحقیق کے لئے علم ریاضی میں مہارت انتہائی ضروری ہے اور اسی امر کو ذہن میں رکھتے ہوئے ’’ ریاضی ‘‘ کے موضوع پر فیکلٹی آئندہ سال ایک عالمی سطح کی کانفرنس کے انعقاد کا ارادہ رکھتی ہے۔انہوں نے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ فیکلٹی آف بیسک اینڈ
اپلائیڈ سائنسز تحقیق کے دوران طلباء کو ہر ممکن تعاون مہیا کر ے گی۔ ڈاکٹر ارشد ضیاء نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے آگا ہ کرتے ہوئے اس میں شرکت پر ماہرین ، مقررین اور طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شعبہ ریاضی و شماریات کی جانب سے ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، گلزار احمد خواجہ اور ڈاکٹر عصمت بیگ کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ یں پیش کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button