پاکستانتازہ ترین

دہری شہریت کیس: رحمان ملک کی پیش کردہ دستاویز مسترد

اسلام آباد(بیوروچیف)  سپریم کورٹ نے ارکان پارلیمنٹ کی دہری شہریت کیس میں رحمان ملک کی پیش کردہ دستاویز مسترد کرتے ہوئے برطانوی شہریت چھوڑنے کا اصل سرٹیفکیٹ طلب کر لیا۔ چیف جسٹس کا کہنا ہے اس سے زائد مہلت نہیں دے سکتے۔ ارکان پارلیمنٹ کی مبینہ دہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے کی۔ رحمان ملک کے وکیل اظہر چوہدری نے اپنے موٴکل کی جانب سے برطانوی شہریت چھوڑنے سے متعلق دستاویز پیش کیں جسے عدالت نے مسترد کردیا اور کہا کہ یہ وہ دستاویز نہیں جو طلب کی گئی تھیں۔ یہ رحمان ملک کے اپنے ہاتھ سے لکھا ہوا فارم ہے، اس کی حیثیت کاغذ کے ٹکڑے سے زیادہ نہیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی احکامات کا تمسخر اڑایا جا رہا ہے۔ گزشتہ تین پیشیوں سے عدالت کو گھمایا پھرایا جا رہا ہے۔ اظہر چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ رحمان ملک لندن سے واپس آرہے ہیں۔ مزید دستاویز بھی پیش کردیں گے، مہلت دی جائے۔ اٹارنی جنرل عرفان قادر نے کہا کہ کسی بھی رکن پارلیمنٹ کی نااہلی کا اختیار اسپیکر یا الیکشن کمیشن کو ہے۔ کیا عدالت کسی رکن کی رکنیت معطل یا ختم کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت جمشید دستی کے کیس میں ایسا کرچکی ہے۔ چیف جسٹس نے سچ بولنے پر فرح ناز اصفہانی کی تعریف کی اور کہا کہ ایک دوسرے رکن زاہد اقبال نے نیا پاسپورٹ لیتے وقت پرانے پاسپورٹ کا ذکر نہیں کیا۔ قانون کے مطابق دو پاسپورٹ رکھنا بھی جرم ہے۔ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اربوں روپے کا زرمبادلہ بھیجتے ہیں، اگر دہری شہریت والے لوگ اسمبلیوں میں آئیں تو بیرون ملک پاکستانیوں کی حالت زار بہتر ہو گی۔ صوبائی اسمبلیوں کو دہری شہریت والے ارکان کی فہرست فراہم کرنے کا خط لکھا تھا لیکن ابھی تک جواب نہیں آیا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ قابل احترام ہیں امید ہے وہ سچ بولیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آئینی قدغن ہے پارلیمنٹ کا رکن بننے کے بعد دہری شہریت نہیں رکھ سکتے۔ عدالت نے رحمان ملک کے وکیل کو ہدایت کی کہ برطانوی شہریت چھوڑنے سے متعلق اصل سرٹیفکیٹ پیش کیا جائے۔ چیف جسٹس نے واضح کیا کہ اس سے زائد مہلت نہیں دی جاسکتی ،فرح ناز اصفہانی کی رکنیت معطل ہے،مقدمے میں امتیاز نہیں برت سکتے۔ کیس کی مزید سماعت چار جون کو ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button