امجد قریشیتازہ ترینکالم

رحمت اللعالمین

amjad logoرحمت اللعالمین سید عرب و عجم شہنشاہ دوجہاں حضرت محمد ﷺ کی شخصیت وسیرت ازل سے ابد تک زمان و مکان پر احاطہ کئے ہوئے ہے۔کائنات کا ذرہ ذرہ سرکار دوجہاں ؐ کی مدحت ور رفعت کا شاہد ہے ۔عرشِ زمین سے عرشِ بریں تک کونہ کونہ گوشہ گوشہ ذرہ ذرہ سب میرے پیارے آقا محمد عربیﷺ کے بابرکت ذکر سے معمور ہے۔یہ شان و مرتبہ میرے پیارے رسولؐ کو ہی حاصل ہے کہ اللہ سبحانہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ہم نے (محمدؐ) کو خیر کثیر عطا کی ایک اورجگہ ارشاد باری تعالی ہے کہ ہم نے تمہارا ذکر بلند کیا (بحوالہ سورہ کوثر و سورہ الانشرح)اور میرے پیارے نبیؐ کی شان تو دیکھو کہ اذان میں بھی خالق کائنات کے نام کے ساتھ اپنے پیارے محبوب سرکار دوجہانؐ کا نام مبارک بھی شامل کردیا تاکہ آپؐ کی وجاہت و عظمت واضح رہے اور جب تک کرہ ارض قائم ہے اذان کی پر کیف آواز گونجتی رہے گی اور آپؐ کا نام بھی پورے عالم میں گونجتا رہے گا اور عالم اسلام کی سماعتوں میں اس کا رس گھولتا رہے گا ۔
آپؐ کی دعوت کو صدقِ دل سے قبول کرنے والے اس قدر معتبر اور پاکیزہ بن گئے کہ انبیاء کرام کے بعد اِس روئے زمین پر اُس گروہ سے زیادہ قدرو منزلت والے نہ پیدا ہوئے اور نہ ہوسکتے ہیں وہ سراپا عقیدت و اُنسیتُ محبت سرکار جہاںؐ اُن کے انگ انگ میں رچ بس گئی تھی۔سورہ نساء میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ جس نے رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کی اُس اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی اور جو منہ پھیر لے تو ہم نے آپ ﷺ کو کچھ اُن پر نگہبان بنا کر نہیں بھیجا۔
میرے آقاؐ کی شان اتنی عظیم ہے کہ تمام دُنیا کی سیاہی ختم ہوجائے اور تمام دُنیا کے صحیفے ختم ہوجائے گے مگرمیرے پیارے نبی احمد مجتبیٰﷺ کی شان کو قلم بند کرنا ممکن نہیں وہ سیرت و عظمت و کردار کا وہ عالی شان پیکر ہیں ٗاگر آپؐ کی عاجزی کو دیکھا جائے تو کوئی بھی عجز و انکساری میں آپؐ کے شایانِ شان نہیں آپ ؐ کی زندگی مکمل طور پر احکام الہیٰ کا تابع تھی۔یہ ہم پر اللہ کا ایک احسان عظیم ہے کہ ہم اُس کے پیارے محبوبؐ کے اُمتی ہیں ہم اپنی اِس خوش نصیبی پر جتنا بھی فخر کریں وہ کم ہے ٗلیکن آج کل کے حالات دیکھ کر انتہائی دُکھ اور افسوس ہوتا ہے کہ ہم لوگ دین سے کافی حد تک دور ہوتے جارے ہیں ہم اگر چاہیں تو روز مرہ زندگی بہت آرام و سکون کے ساتھ نبی پاکؐ کی سُنت کے مطابق گزارسکتے ہیں اور میرے پیارے آقاؐ کی ایک سُنت کو زندہ کرنا 100شہیدوں کے برابر اجر و ثواب ہے ٗغرضیکہ کھانے کے آدابٗ پانی پینے کا سُنتی طریقہ ٗسونے کے آداب وغیرہ یہ وہ اہم ترین باتیں ہیں کہ اگر ہم اِن پر صحیح طریقے سے عمل کریں تو ذرا غور کیجئے کے ہم دن رات میں کس قدر اجر و ثواب حاصل کرسکتے ہیں وہ بھی بنا کسی مشقت کے ۔ناپ تول میں کمی نہ کریں کسی کا حق نہ ماریں ہمیشہصادق و امین رہیں نماز کی پابندی کریں ٗفحش اور لغو باتو ں سے اجتناب برتیں اور کوئی ایسی بات یہ ایسا فعل نہ کریں کہ جس سے کسی دوسرے مسلمان بھائی کی دل آزاری ہو جہا ں تک ممکن ہو اپنے مسلمان بھائی کی ہر حال میں مدد کریں ٗتفرقہ بازی ٗبہتانٗ غیبت سے دور رہیں۔
آپؐ نے حجتہ الوداع کے موقع پر جو عالی شان خطبہ ارشاد فرمایا وہ ہم مسلمانوں کیلئے ایک عظیم رہنمائی ہے ۔آپؐ نے ارشاد فرمایا کہ ٗاے لوگو۔جس طرح آج کا دن ٗمہینہ ٗاور یہ شہر حرمت والا ہے اور اِس کی عزت اور احترام کرتے ہو ٗاِسی طرح ایک دوسرے کے جان و مان کی عزت کرو اور اِسے اپنے اوپر حرام جانو ٗدوسروں پر ظلم نہ کرو۔خبردار میرے بعد تم لوگ سچائی کے راستے سے بھٹک نہ جانا آپس میں خون خرابہ مت کرنا ٗعورتوں کے ساتھ شفقت اور نرمی سے پیش آنا ٗغلاموں سے اچھا برتاؤ کرنا ٗغذا اور لباس میں اُن سے کوئی فرق مت رکھنا اُن سے کوئی کوتاہی ہوجائے تو معاف کردینا۔اور اے لوگو جو کام کرو سچے دل سے کرو آپس میں خیر خواہی کا جذبہ رکھو اور اتحادو یگانگت کی راہ سے ہرگزنہ بھٹکو۔دیکھنے میں یہ ایک مختصر سی نصحیت ہے لیکن اِس میں اخلاقی تعلیمات کا ایک سمندر موجزن ہے۔
ماہ ربیع الاول یہ وہ عظیم و مبارک مہینہ ہے جس میں آپؐکی ولادت باسعادت ہوئی۔اِس ماہ کے احترام میں ہمیں زیادہ سے زیادہ دورودپاک پڑھنا چاہیے ۔اگر ہم اپنی زندگی کو نبیؐ کے وضع کردہ طریقے یعنی قرآن و سُنت کے مطابق ڈھال لیں توہماری زندگی راحت و سکون میں بدل جائے گی۔اور روز قیامت ہم سرکار ؐکے اُمتی کہلانے کے فخریہ حقدار بھی ٹھہریں گے اور اِنشااللہ آپؐ کی شفاعت بھی نصیب ہوگی۔اللہ سبحان و تعالیٰ ہم سب کو قرآن و سُنت کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے (آمین)۔
ضرور ی گزارش۔قارئین کرام یہ کالم میں نے اپنے پیارے نبیؐ کی محبت سے سرشار اور کچھ علماء کرام کی کتابوں سے استفادہ حاصل کیا ہے براہ کرام کوئی کوتاہی یہ ابہام رہ جائے تو میر ی راہ نمائی اور اصلاح فرمائیے گا شکریہ note

یہ بھی پڑھیں  بھائی پھیرو: خونی واقعات میں پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker