تازہ ترینکھیل

گورے باز نہ آئے، سعید اجمل کا ایکشن مشکوک بنانے کی کوشش

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز باﺅلر سعید اجمل نے کہا ہے کہ سٹورٹ براڈ اور مائیکل وان کی جانب سے ان کے باﺅلنگ ایکشن پر سوال اٹھانے پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ وضاحت کرے۔ سعید اجمل ان دنوں کاﺅنٹی کرکٹ کھیلنے کیلئے انگلینڈ میں موجود ہیں اور رواں سیزن میں اب تک 5 میچز میں 28 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں لیکن ان کی یہ شاندار پرفارمنس گوروں کو ایک آنکھ نہیں بھائی اور انہوں نے سعید اجمل کے باﺅلنگ ایکشن پر شکوک و شبہات ظاہر کرنے شروع کر دیئے ہیں۔ ان کی اس پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے سعید اجمل کی تصویر ٹوئٹر پر اپ لوڈ کی اور کیپشن دیا کہ ’آپ کو 15 ڈگری تک ڈلیوری کرنے کی اجازت ہے‘ جس پر انگلش کرکٹر سٹورٹ براڈ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بھی کوئی جعلی تصویر ہوگی‘۔ اس کے بعد ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’جب لیب میں تجزیہ ہو رہا ہوتا ہے تو باﺅلر مختلف انداز میں باﺅلنگ کرتے ہیں اور میدان میں وکٹیں لینے کیلئے الگ انداز ہوتا ہے‘۔ مائیکل وان اور سٹورٹ براڈ کی جانب سے تبصرہ کئے جانے پر سعید اجمل نے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ دونوں افراد ان کے باﺅلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دے رہے ہیں جس پر انہوں نے پاکستان اور انگلش بورڈ کے توسط سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ سٹورٹ براڈ انگلش ٹیم کے کھلاڑی ہیں اور بورڈ کنٹر یکٹ کا حصہ ہیں اور اس لحاظ سے وہ کسی بھی کھلاڑی کے بارے میں عوامی سطح پر تبصرہ نہیں کر سکتے، کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر انہیں سزا بھی دی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ دوسروں کے باﺅلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دینے والے سٹورٹ براڈ ٹی 20 کرکٹ میں 6 گیندوں پر 6 چھکے ’کھانے‘ کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے :

Back to top button