سرگودہا ﴿ تحصیل رپورٹر﴾ پاکستان مسلم لیگ ن ضلع سرگودہا کا تنظیمی اجلاس شدید ترین ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگیا کارکن ایک دوسرے سے دست و گریباں ضلعی قیادت کیخلاف شدید نعرے بازی ‘ڈی سی او اور ڈی پی او کو فوری طو ر پر سرگودہا سے تبدیل کرنے کا مطالبہ ‘تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری راجہ اشفاق احمد کی زیر صدارت سرکٹ ہائوس سرگودہا میں مسلم لیگ ن کا تنظیمی اجلاس منعقد ہوا جس میں پیپلز پارٹی کی حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک کے سلسلہ میں لائحہ عمل طے کرنا بھی شامل تھا اجلاس کے دوران لیگی قائدین نے اچانک احتجاج شروع کردیا اور ضلعی قائدین شاہنواز رانجھا ‘چوہدری حامد حمید ‘چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں ‘بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا سمیت ڈی پی او ڈاکٹر رضوان اور ڈی سی او عظمت محمود کیخلاف شدید نعرے بازی شروع کردی کارکنوں کا کہنا تھا کہ ڈی پی او اور ڈی سی او سرگودہا میں مسلم لیگ ن کے سیاہ وسفید کے مالک بنے بیٹھے ہیں ڈی سی او جہاں چاہتے ہیں وزیر اعلی کا جلسہ منعقد کروادیتے ہیں جبکہ اس سلسلے میں کارکنوں سے مشاورت تک گوارہ نہیں کرتے کارکنوں کا کہنا تھا کہ آمریت کے دور میں ڈنڈے ہم نے کھائے جبکہ ٹھنڈے کمروں میں بیٹھنے والوں کو ہمارے سروں پر مسلط کردیا گیا ۔چوہدری حامد حمید ‘شاہنواز رانجھا اور عبدالرزاق ڈھلوں پارٹی بنے ہوئے ہیں اور اپنے من پسند لوگوں کو نواز رہے ہیں جبکہ ان نام نہاد لیڈروں کو قربانیاں دینے جیلیں کاٹنے اور ڈنڈے کھانے والوں کا نام تک نہیں پتہ ۔اس موقع پر راجہ اشفاق احمد نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ ان کے تحفظات اعلی قیادت تک پہنچائے جائینگے لیکن کارکنوں نے ان کی ایک نہ سنی اور وہ سخت پولیس سیکورٹی میں سرکٹ ہائوس کے عقبی گیٹ سے واپس لاہور جانے پر مجبور ہوگئے حالانکہ انہوں نے رات یہیں سرگودہا میں گذارنی تھی
You must be logged in to post a comment.